رواں سال پاکستان میں حسیناؤں کے بہترین و بدترین انداز


رواں سال فیشن کے حوالے سے بات کی جائے تو ہماری شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی خواتین نے اس سال اپنے انداز کو تبدیل کرنے اور مزید متاثر کن بنانے کے لیے بہت سے تجربات کیے۔

تاہم ایسا کرنے میں کچھ تو کامیاب رہیں البتہ کچھ متاثر کرنے میں بری طرح ناکام ہوئیں۔

2019 میں اداکاراؤں کی جانب سے اپنائے کچھ انداز کی ایک فہرست ترتیب دی گئی ہے، جس میں وہ لُکس (انداز) شامل ہیں جنہوں نے اس سال مداحوں کو متاثر اور مایوس کیا۔

بہترین انداز

مہوش حیات
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ کا یہ انداز رواں سال مداحوں کو متاثر کرنے میں کامیاب رہا، انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں واقع یادگار پاکستان پر برطانوی جوڑے کو دیے گئے عشائیے کی تقریب میں یہ انداز اپنایا تھا۔

اس موقع پر مہوش حیات نے نامور ڈیزائنر رضوان بیگ کا لباس زیب تن کیا تھا، تقریب کے مطابق انہوں نے ہیئر اسٹائل اور میک اپ پر بھی خاص توجہ دی اور اس انداز سے سب کا دل جیتنے میں کامیاب ہوگئیں۔

ماہرہ خان
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

رواں سال ماہرہ خان نے اپنی فلم ‘سپراسٹار’ کی تشہیر کے دوران کئی شاندار انداز اپنائے، ویسے تو اس دوران ان کا ہر انداز ہی سرہانے کے قابل تھا البتہ ان کا سیاہ لباس میں یہ انداز ہر کسی کا دل جیتنے میں کامیاب رہا۔

اپنی فلم کی تشہیر کے دوران ایک موقع پر ماہرہ خان نے اعلان برینڈ کا یہ جوڑا زیب تن کیا، لباس کے ساتھ ساتھ ماہرہ خان کا میک اپ بھی بہترین انداز سے کیا گیا جبکہ انہوں نے مناسب انداز کے زیورات کے ساتھ اس انداز کو مکمل کیا، یہی وجہ ہے کہ ان کا یہ لک اس فہرست میں موجود ہے۔

عائزہ خان
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

ویسے تو عائزہ خان نے یہ انداز کسی تقریب کے لیے نہیں اپنایا بلکہ یہ ان کے کامیاب ڈرامے ‘میرے پاس تم ہو’ کے ایک سین کا لک ہے۔

عائزہ نے اس دوران سیاہ رنگ کی جالی کے کپڑے سے بنی ساڑھی زیب تن کی اور یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ان کا یہ انداز صرف لباس کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ میک اپ اور زیورات کی وجہ سے بھی نہایت شاندار ثابت ہوا۔

کیٹ مڈلٹن
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے ویسے تو رواں سال دورہ پاکستان کے دوران ایسے کئی انداز اپنائیں جسے پاکستانی عوام نے بےحد پسند کیا البتہ ان کا ایک انداز سب سے زیادہ یادگار بن گیا۔

پاکستان آنے کے دوسرے ہی روز کیٹ مڈلٹن نے برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں واقع یادگار پاکستان پر دیے گئے عشائیے کی تقریب میں سبز رنگ کا نہایت خوبصورت لباس زیب تن کیا۔

ان کا یہ لباس برطانوی ڈیزائنر جینی پیکہم نے تیار کیا تھا جو ان کے لیے پہلے بھی لباس تیار کر چکی ہیں۔

منشا پاشا
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

ویسے تو رواں سال منشا پاشا متعدد ایونٹس میں کئی بار ایسے انداز میں نظر آئیں جو فوری ہی انٹرنیٹ پر مقبول ہوگئے، البتہ ان کا یہ انداز سب سے زیادہ پسند کیا گیا۔

اداکارہ کی رواں سال سامنے آنے والی اپنی فلم ‘لال کبوتر’ کی تشہیر کے موقع پر اپنایا گیا یہ انداز سب سے زیادہ پسند کیا گیا۔

اس موقع پر وہ پھولوں کے ڈیزائن کے ساتھ بنے اسکرٹ میں نظر آئیں، جسے ڈیزائنر سدھارتھ بنسل نے تیار کیا تھا۔

عائشہ عمر
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی نامور اداکارہ عائشہ عمر رواں سال جب ہم ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کے لیے امریکا پہنچیں تو انہوں نے یہ انداز اپنایا جو مداحوں کو متاثر کرنے میں کامیاب بھی رہا۔

اس موقع پر عائشہ عمر گلابی رنگ کے پینٹ سیوٹ میں نظر آئیں جسے سپنا پاریک نامی ڈیزائنر نے تیار کیا تھا۔

ماہرہ خان
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

ویسے تو ماہرہ خان اس فہرست میں پہلے بھی جگہ بنا چکی ہیں، لیکن اگر ان کا یہ انداز اس فہرست کا حصہ نہیں بنایا گیا تو شاید یہ مکمل نہیں ہوگی۔

ماہرہ خان نے رواں سال پیرس فیشن ویک کے دوران پاکستان کی نمائندگی کی اور فیشن ویک کے آغاز میں انہوں نے لبنانی فیشن ڈیزائنر جیورج ہوبیکا کی جانب سے تیار کردہ سرخ گاؤن زیب تن کیا جس میں وہ نہایت خوبصورت نظر آئیں۔

بدترین انداز

صدف کنول
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

رواں سال لکس اسٹائل ایوارڈز کے دوران صدف کنول نے سبز رنگ کے اس گاؤن کا انتخاب کیا جسے ڈیزائنر ثنا سفیناز نے تیار کیا تھا۔

نہ تو ماڈل کے اس لباس کا رنگ ایونٹ کے حساب سے پسند کیا گیا اور نہ ہی ان کا میک اپ اور ہیئر اسٹائل متاثر کرنے میں کامیاب ہوا۔

مہوش حیات
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

مہوش حیات کا یہ گاؤن سیوٹ پاکستان کے نامور ڈیزائنر فہد حسین نے تیار کیا، انہوں نے یہ انداز رواں سال کے لکس اسٹائل ایوارڈز میں اپنایا تھا، تاہم یہ مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہا۔

ویسے تو مہوش حیات ہمیشہ کی طرح دلکش نظر آئیں البتہ ان کا یہ انداز متاثر کرنے میں ناکام اس لیے بھی رہا کیوں کہ شاید انہوں نے ایک ساتھ بہت سے تجربے کرنے کی کوشش کی، ان کا ہیئر اسٹائل بھی اس انداز کے ساتھ بہتر نظر نہیں آیا۔

اقرا عزیز
یوٹیوب : اسکرین شاٹ
یوٹیوب : اسکرین شاٹ

اقرا عزیز ویسے تو ہمیشہ ہی اپنے انداز سے سب کا دل جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں البتہ رواں سال ان کے سامنے آئے کچھ انداز متاثر کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے۔

رواں سال کے ہم ایوارڈز کی تقریب کے دوران اقرا عزیز نے سبز رنگ کا گاؤن زیب تک کیا جسے ڈیزائنر نومی انصاری نے تیار کیا تھا۔

ہمارے کچھ بتانے سے قبل آپ اس انداز کو دیکھ کر خود ہی سمجھ جائیں کہ یہ اس فہرست میں کیوں شامل کیا گیا۔

نہ تو اداکارہ کو ایسا جوڑا ہم ایوارڈ جیسی بڑی تقریب میں پہننا چاہیے تھا بلکہ انہوں نے اپنے میک اپ اور ہیئر اسٹائل پر بھی بالکل توجہ نہیں دی۔

حنا الطاف
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

ویسے تو حنا الطاف کا یہ انداز زلبری نامی برینڈ کے فیشن شو کے لیے تھا، تاہم وہ اس انداز میں متاثر کرنے میں ناکام رہیں۔

نا صرف ان کا لباس مایوس کن رہا بلکہ ان کا انداز بھی ریپ پر مزاحیہ نظر آیا۔

اقرا عزیز
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

اقرا عزیز نے رواں سال ملبوسات کے حوالے سے کچھ ایسے انتخاب کیے جس کی وجہ سے وہ بار بار اس فہرست کا حصہ بن رہی ہیں۔

رواں سال اداکارہ نے لکس اسٹائل ایوارڈز کے دوران ڈیزائنر علی ذیشان کی جانب سے تیار کردہ لباس زیب تن کیا، سیاہ سفید رنگوں کے ساتھ تیار کردہ اس جوڑے نے نہ ہی فیشن تجزیہ کاروں کو اور نہ ہی مداحوں کو متاثر کیا۔

اقرا عزیز کے اس لک کو دیکھ کر کئی مداحوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے کانز میں اپنائے لک کو کاپی کرنے کی کوشش کی۔

صبا قمر
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

صبا قمر کا شمار ویسے تو بہترین اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے البتہ جب وہ رواں سال لکس اسٹائل ایوارڈز کا حصہ بنی تو ان کے اس انداز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

صبا قمر نے اس تقریب میں ڈیزائنر حسین ریہر کا بنایا ہوا یہ جوڑا زیب تن کیا، جسے مداحوں نے بالکل پسند نہیں کیا۔

جوڑے کے ساتھ ساتھ اس انداز میں اداکارہ کا ہیئراسٹائل بھی پسند نہیں کیا گیا۔

ماہرہ خان
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

ویسے تو ماہرہ خان کے ہر انداز کو ہی مداح بےحد پسند کرتے ہیں البتہ رواں سال سامنے آیا ان کا یہ انداز کچھ خاص توجہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔

ماہرہ خان نے پیرش فیشن ویک کے دوران ایک موقع پر سیاہ رنگ کا یہ جوڑا زیب تن کیا جسے یانینی کوچیور نامی برینڈ نے تیار کیا۔

ہمیشہ کی طرح ماہرہ خان کا ہیئراسٹائل اور میک اپ تو بہترین انداز میں کیا گیا لیکن ان کا جوڑا پرستاروں کو پسند نہیں آیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں