رمضان المبارک کے آخری ہفتے میں اور عید سے قبل مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی کی شرح میں0.43 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح15.86 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔
حالیہ ہفتے 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
ایک ہفتے میں ٹماٹر اوسط 24 روپے 17 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے جبکہ پیاز8 روپے 24 پیسے فی کلو مہنگے ہوئی۔
زندہ مرغی اوسط 5 روپے 54 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی اور گھی کی اوسط قیمت میں 5 روپے 99 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا۔ ملک میں گھی کی اوسط فی کلو قیمت 480 روپے 22 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔
دال مسور اوسط 3 روپے 24 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ انڈے4 روپے 88 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 21 روپے 33 پیسے مہنگا ہوا۔
اس کے علاوہ لہسن،آلو، دال ماش، مٹن، بیف، دودھ، دہی اور چاول بھی مہنگا ہوا۔
حالیہ ہفتے 4 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
آٹےکا 20کلو کا تھیلا 106 روپے 94 پیسے سستا ہوا جس کے بعد آٹے کے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت 966 روپے 56 پیسے پر آگئی۔
ایک ہفتے میں چینی اوسط 89 پیسے فی کلو سستی ہوئی جس کے بعد ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 84 روپے 80 پیسے پر آگئی۔
حالیہ ہفتے میں گڑ ایک روپے 68 پیسے فی کلو سستا ہوا۔