کراچی:
محمد عامر نے رضوان کی تعریف کرنے پر سرفراز احمد کو جواب دیتے ہوئے حفیظ کو نشانہ بنادیا۔جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار سنچری اسکور کرنے پر قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے رضوان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ چمکتے ہوئے ستارے ہیں لیکن مجھے حیرت ہوتی ہے کہ آپ کو کب تک یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ آپ کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں پاکستان کے نمبرون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔
جس پر قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو یہ تعریف ہضم نہ ہوئی اور انہوں نے جواب میں کہا کہ حفیظ بھائی صاحب! امتیاز احمد سے لے کر کامران اکمل اور اب محمد رضوان تک جو بھی پاکستان کے لیے کھیلا وہ نمبر ون ہی رہے ہیں اور اسی کے مطابق ان کی عزت کی جاتی ہے۔
عامر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بابو! آپ بھی پاکستان میں نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں اور آپ کی کپتانی میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم 2 سال نمبر ون رہی اور سب سے بڑھ کر چیمپئن ٹرافی پاکستان آئی۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز آپ پاکستان کا فخر ہیں اور مزے کی بات لوگوں کا کام ہے فضول باتیں کرنا لہذا انجوائے کریں۔