گزشتہ ہفتے بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار رشی کپور دنیا سے رخصت ہوگئے اور اپنے چاہنے والوں اور فلم انڈسٹری میں ایک خلا چھوڑ گئے ۔
بھارتی اداکار رشی کپور کو پاکستانی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ دیکھنے کی خواہش تھی جو کہ پوری نہ ہو سکی۔
فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی فلمساز عمارہ حکمت نے کہا کہ رشی کپور یہ فلم دیکھنے کے لیے پر جوش تھے اور انہوں نے اس کے ٹریلر کی بھی تعریف کی تھی۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی فمساز عمارہ حکمت نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ماضی میں آنجہانی اداکار رشی کپور کی جانب سے ٹوئٹر پر بھیجے جانے والے پیغامات کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا۔
عمارہ حکمت نے بتایا کہ ‘ رشی کپور کے انتقال کا سن کر مجھے بے حد افسوس ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے یہ اسکرین شاٹ سب سے شیئر کیا’۔
عمارہ حکمت نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ رشی کپور اکثر فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز کے بارے میں پوچھا کرتے تھے اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ رشی کپور سے کی گئی گفتگو دیکھنے جب ٹوئٹر پر گئیں تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں کہ گزشتہ ماہ رشی کپور نے ان سے ٹوئٹر پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
عمارہ نے مزید کہا کہ کہ ٹوئٹر پر غیر فعالی رہنے کے باعث وہ ان کا پیغام نہیں دیکھ سکیں اور انہیں رشی کپور کے پیغامات کا جواب نہ دینے کا دُکھ ہمیشہ رہے گا۔
خیال رہے کہ پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز قانونی مسائل کی وجہ سے کئی سالوں سے تاخیر کا شکار تھی جسے بعدازاں رواں سال عیدالفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔