کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں بالی وڈ اداکار اور بھارتی پنجاب کے شہر گرداسپور سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی سنی دیول کا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ بیٹھنا سوشل میڈیا پر دلچسپ میمز کی نذر ہوگیا۔
گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا جسے دنیا بھر کے لوگوں نے خوب سراہا۔
افتتاحی تقریب میں بھارتی سیاسی اہم شخصیات سمیت اداکار سنی دیول نے بھی شرکت کی جو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ بیٹھے دکھائی دیے۔
اس موقع پر سنی دیول یا تو سنجیدہ تاثر دیتے ہوئے دکھائی دیے یا پھر ان کے چہرے پر ہلکی مسکراہٹ نظر آئی جس پر مداحوں نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ صرف عثمان بزدار ہیں۔
عمران نامی صارف نے ٹوئٹر پر دونوں کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’سنی دیول کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ انہیں اپنی بہن کی شادی کے لیے ضمانت پر رہا کیا ہے جس کے بعد عثمان بزدار انہیں گرفتار کرلیں گے‘۔
معراج حسن نامی صارف نے تو سنی دیول کے افسردہ بیٹھنے کے انداز پر ان کی مقبول فلم ’غدر‘ کے مشہور ’گڈی لے کے‘ گانے کے ساتھ ہی تمسخر اڑایا اور لکھا کہ ’میں نکلا، او گڈی لے کے، او رستے پر او سڑک میں، بزدار آیا میں اُتھے گڈی چھوڑ آیا‘۔
حسن نامی صارف نے اداکار کے افسردہ تاثر پر لکھا کہ ’سنی دیول پاکستانی شادی کی پھوپو کیوں لگ رہے ہیں؟
خالد حسین کوری نامی صارف نے سنی دیول کی فلم کا ایک سین پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن دیا کہ سنی دیول نے ایک فلم میں قسم کھائی تھی کہ ایک دن بغیر ویزا کے میں پاکستان جاؤں گا۔۔۔۔۔ آج انہوں نے وہ قسم پوری کر دی ہے۔
اس کے علاوہ ہاشم چوہدری نامی مداح نے افتتاحی تقریب کے دوران سنی دیول کی مسکراہٹ والی تصویر کو پوسٹ کرتے ہوئے ان کا فلمی انداز سے موازنہ کیا اور ان کا حقیقی انداز عیاں کیا۔