رحیم یارخان میں رات گئے 36 انچ قطر کی زیر زمین گیس پائپ لائن میں دھماکا اور آگ لگنے کے باعث پنجاب کے کئی علاقوں میں گھریلو اور صنعتی صارفین کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ واقعے میں تخریب کاری کا عنصر نہیں ملا۔
سوئی سے قادر آباد جانے والی 36 انچ قطر کی زیر زمین گیس پائپ لائن میں بھونگ کے مقام پر دھماکا ہوا اور قریبی کھیتوں میں آگ لگ گئی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ، سول ڈیفنس کےعملے اور فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں کی مدد سے 7 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔آگ سے گنے کی فصل اور باغات کو شدید نقصان پہنچا۔
اسسٹنٹ کمشنر عباس رضا کے مطابق پائپ لائن میں آگ زیادہ پریشر کے باعث لگی تھی، پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
گیس لائن میں دھماکے کے بعد ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی معطل ہونے پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ادھر فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت پنجاب کے صنعتی علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی بند ہونے سے پیداواری عمل شدید متاثر ہوا ہے۔