اسلام آباد: سینیٹر رحمان ملک اور امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف قانونی جنگ جاری ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج ناصر جاوید رانا نے پی پی رہنما و سینیٹر رحمان ملک کی درخواست پر سماعت کی جس میں رحمان ملک کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے جب کہ امریکی شہری سنتھیا رچی اور ان کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے امریکی شہری سنتھیا رچی کو رحمان ملک کے خلاف بیان بازی سے نہ رکنے پر دوبارہ نوٹس جاری کیا ہے۔
عدالت نے 29 جون کو سنتھیا رچی کو رحمان ملک کے خلاف بیان بازی نہ کرنےکا حکم دیا تھا جب کہ بیان بازی سےنہ رکنے پر رحمان ملک نے سنتھیا کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکی۔
رحمان ملک نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے سنتھیا رچی کو ہتک عزت کا کوئی مواد شائع نہ کرنے کا حکم دیا لیکن عدالتی حکم کے باوجود سنتھیا رچی ٹوئٹر پر میرے خلاف بیان بازی کررہی ہے۔
پی پی رہنما رحمان ملک نے استدعا کی کہ عدالتی حکم عدولی پر سنتھیا رچی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
دوسری جانب امریکی شہری سنتھیا رچی کے وکیل ایڈووکیٹ عمران فیروز ملک نے کہا ہے کہ عدالت کی طرف سے تاحال کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، عدالتی نوٹس ملا تو دیگر کیسوں کی طرح اس میں بھی پیش ہو جائیں گے۔
عدالت نے امریکی شہری سنتھیا رچی کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ رحمان ملک نے سنتھیا رچی کے خلاف 50 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کر رکھا ہے۔