ربیع الاول کا چاند نظر آگیا، 12 ربیع الاول 19 اکتوبر کو ہوگی

ربیع الاول کا چاند نظر آگیا، 12 ربیع الاول 19 اکتوبر کو ہوگی


مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ربیع الاول کا چاند نظر آگیا ہے اور کل یکم اور 12 ربیع الاول 19 اکتوبر کو ہوگی۔

اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ یکم ربیع الاول کل 8 اکتوبر 2021 کو ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول 19 اکتوبر 2021 بروز منگل کو ہوگی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف رہا، ذونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز پر منعقد ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس عاشقان رسولﷺ نے کورونا وائرس کے سائے میں عید میلادالنبیؐ منائی تھی اور حکومت کی جانب سے ایس او پیز جاری کی گئی تھیں۔

حکومت کی جانب سے رواں برس تاحال 12 ربیع الاول کے حوالے سے ایس او پیز جاری نہیں کی تاہم این سی او سی نے آج کے اجلاس میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کی بنیاد پر تمام تعلیمی اداروں میں معمول کے مطابق کلاسیں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسد عمر نے کہا کہ ‘بیماری کے پھیلاؤ میں کمی اور اسکول ویکسینیشن پروگرام شروع کرنے کی بنیاد پر آج این سی او سی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام تعلیمی اداروں کو پیر (11 اکتوبر) سے کلاسیں معمول کے مطابق شروع کرنے کی اجازت دی جائے’۔

این سی او سی نے اگست میں محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب کیا جائے۔

این سی او سی کی طرف سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں جنہیں متعلقہ علما کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر جاری کیا گیا تھا اور اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ تمام مجالس اور جلوس کورونا ایس او پیز کے تحت منعقد کیے جائیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں