بالی وڈ اداکارہ راکھی ساونت کی والدہ جیا ساونت کینسر کے باعث چل بسیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں اسلام قبول کرکے اپنے قریبی دوست عادل درانی سے شادی کرنے والی بھارتی رقاصہ واداکارہ راکھی ساونت کی والدہ جیا ساونت چل بسیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ راکھی ساونت کی والدہ گزشتہ کئی سال سے کینسر کے موذی مرض سے لڑرہی تھیں جب کہ ان میں برین ٹیومر کی تشخیص ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ بالی وڈ اداکارہ کی والدہ جیا ساونت ممبئی کے تاج میموریل کینسر اسپتال میں زیر علاج تھیں لیکن آج انہوں نے دم توڑ دیا جب کہ جیا ساونت کی موت کی تصدیق ان کی بیٹی راکھی ساونت نے کی۔
بگ باس اسٹار کا کہنا تھا کہ میری والدہ کی طبیعت گزشتہ کئی دنوں سے بے حد خراب تھی اور میں نے کچھ روز قبل مداحوں سے اپنی والدہ کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل راکھی ساونت نے اپنی والدہ کی صحت کی حوالے سے ایک جذباتی ویڈیو بھی اپ لوڈ کی تھی جس میں انہوں نے بالی وڈ کے بھائی جان سلمان خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ سلمان بھائی نے میری والدہ کے علاج کے لیے بہت مدد کی ہے۔