راولپنڈی: 13 نشستوں میں سے (ن) لیگ 11، پیپلزپارٹی، آزاد امیدوار ایک ایک پر کامیاب

راولپنڈی: 13 نشستوں میں سے (ن) لیگ 11، پیپلزپارٹی، آزاد امیدوار ایک ایک پر کامیاب


راولپنڈی ڈویژن میں چار ڈسٹرکٹ راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال شامل ہیں، جہاں سے قومی اسمبلی کی 13 نشستیں ہیں، ان میں سے 11 پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ ایک، ایک حلقے پر پیپلزپارٹی اور آزاد امیدوار کو کامیابی ملی۔

واضح رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات میں ’دھاندلی کراونے پر‘ آج اپنے عہدے سے استعفی دیتے ہوئے کہا تھا کہ قومی اسمبلی کے 13 کے حلقوں کے نتائج تبدیل کیے گئے، ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوایا گیا، 70، 70 ہزار لیڈ والوں کو ہروایا گیا۔

راولپنڈی ڈویژن میں قومی اسمبلی کے ان 13 حلقوں کے نتائج پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ اٹک کے حلقے این اے 49 سے مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب احمد ایک لاکھ 19 ہزار 727 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار طاہر صادق ایک لاکھ 10 ہزار 230 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہے۔

اسی طرح اٹک سے قومی اسمبلی کی دوسری نشست این اے 50 سے (ن) لیگ کے ملک سہیل خان ایک لاکھ 19 ہزار 75 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ آزاد امیدوار ایمان وسیم ایک لاکھ 9 ہزار 189 ووٹ لے سکیں۔

این اے 51 مری کم راولپنڈی سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ اسامہ سرور ایک لاکھ 49 ہزار 250 ووٹ لے کر کامیاب رہے، جبکہ دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار محمد لطاسب ستی تھے، جنہوں نے ایک لاکھ 13 ہزار 843 ووٹ حاصل کیے۔

پیپلزپارٹی کے راجا پرویز اشرف کامیاب

این اے 52 راولپنڈی ون سے پاکستان پیپلزپارٹی کے راجا پرویز اشرف ایک لاکھ 12 ہزار 265 ووٹ لے کر جیتے جبکہ آزاد امیدوار طارق عزیز بھٹی 91 ہزار 547 ووٹ لے کر دوسرے اور مسلم لیگ (ن) کے راجا محمد جاوید اخلاص 72 ہزار 62 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

این اے 53 راولپنڈی 2 سے مسلم لیگ (ن) کے راجا قمر الاسلام 72 ہزار ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار اجمل صابر راجا 58 ہزار 476 اور چوہدری نثار علی خان 44 ہزار 72 ووٹ لے کر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

این اے 54 راولپنڈی 3 سے آزاد امیدوار عقیل ملک 89 ہزار 912 ووٹ لے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ عذرا مسعود 73 ہزار 694 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔

این اے 55 راولپنڈی 4 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ابرار احمد ایک لاکھ 12 ہزار 343 ووٹ لے کر کامیاب اور آزاد امیدوار محمد بشارت راجا 96 ہزار 787 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

(ن) لیگ کے حنیف عباسی، دانیال چوہدری کامیاب

این اے 56 راولپنڈی 5 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے محمد حنیف عباسی 96 ہزار 649 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور آزاد امیدوار شہریار ریاض 82 ہزار 613 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 57 راولپنڈی 6 سے مسلم لیگ (ن) کے دانیال چوہدری 83 ہزار 331 ووٹ لے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار سمابیہ طاہر 56 ہزار 789 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئیں۔

این اے 58 چکوال ون سے مسلم لیگ (ن) کے طاہر اقبال ایک لاکھ 15 ہزار 974 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور آزاد امیدوار ایاز امیر ایک لاکھ 2 ہزار 537 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 59 تلہ گنگ کم چکوال سے مسلم لیگ (ن) کے سردار غلام عباس ایک لاکھ 41 ہزار 680 ووٹ لے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور رومان احمد ایک لاکھ 29 ہزار 716 ووٹ لے سکے۔

این اے 60 جہلم I سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلال اظہر کیانی 99 ہزار 948 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار حسن عدیل 90 ہزار 474 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 61 جہلم II سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری فرخ الطاف 88 ہزار 38 ووٹ لے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار شوکت اقبال مرزا نے 84 ہزار 584 ووٹ لیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں