راولپنڈی:
سری لنکا نے ٹیسٹ میچ کے آخری دن اپنی پہلی اننگز 308 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیر کردی جس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز کے ساتھ اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ دھننجیا ڈی سلوا نے اپنی سنچری مکمل کی اور سری لنکا نے اپنی اننگز 308 رنز ڈکلیئر کردی۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز پر ہی گر گئی، شان مسعود کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
90 کے مجموعی اسکور پر کپتان اظہر علی کی صورت میں پاکستان کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، انہوں نے 36 رنز بنائے۔ جس کے بعد اسد شفیق میدان میں اترے، اسی دوران اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عابد علی نے اپنی پہلی نصف سنچری اسکور کی۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے 4 دنوں میں بارش، گیلی آؤٹ فیلڈ اور خراب روشنی کے باعث صرف 91 اوورز کا ہی کھیل ہوسکا ہے، جس کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ بے نتیجہ ختم ہونا یقینی ہے۔