رانا ثناء اللہ کی گرفتاری میں براہ راست وزیراعظم کا ہاتھ ہے: مریم نواز


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کا الزام وزیراعظم عمران خان پر عائد کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے لاہور جاتے ہوئے سکھیکی کے مقام پر حراست میں لیا۔

رانا ثناء اللہ کی گرفتاری پر ن لیگ کی نائب صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اے این ایف کا رانا ثناء اللہ سے کیا لینا دینا؟ رانا ثناء اللہ کو جرات مندانہ مؤقف کی وجہ سے گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناء کی گرفتاری میں براہ راست وزیراعظم کا ہاتھ ہے اور اس سے زیادہ بے ہودہ صورتحال نہیں ہوسکتی، جعلی اعظم چھوٹا ذہن رکھنے والی شخصیت ہے۔

رانا ثناء اللہ حکومت کے سخت ترین ناقدین میں مؤثر ترین آواز ہیں: بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا رانا ثناء اللہ کی گرفتاری پر ردعمل میں کہنا تھا کہ اے این ایف کا رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرنا سیاسی انتقام کی مایوس کن کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ ماضی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سخت ترین ناقد رہے اور موجودہ حکومت کے بھی ناقدین میں مؤثر ترین آواز ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی گرفتاریاں حکومتوں کی کمزوریاں اور مایوسی کو ظاہر کرتی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ن لیگی ارکان پنجاب اسمبلی کے گھروں کے گھیراؤ کی قیادت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ رانا ثناء رکن قومی اسمبلی ہیں اور وہ این اے 106 سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر منتخب ہوکر ایوان میں پہنچے ہیں جب کہ اس سے قبل وہ صوبائی وزیرقانون بھی رہے ہیں


اپنا تبصرہ لکھیں