راحت فتح علی خان بھی واجد علی کی موت پر افسردہ


بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار استاد راحت فتح علی خان نے بھی واجد علی کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ آج کا دن میوزک کے لیے سیاہ دن ہے، کیونکہ واجد علی آج ہم سے جدا ہوگئے ہیں، وہ بہت کمال کے میوزک کمپوزر اور عمدہ انسان تھے اور  یہ ایسا ناقابل تلافی نقصان ہے جس کی بھرپائی شاید کبھی نہیں ہوپائے گی اور یہ دکھ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گا بلکہ جب تک ہم ہیں ہمیں اس دکھ کے ساتھ ہی جینا پڑے گا۔

راحت فتح علی خان نے کہا کہ ساجد علی اور واجد علی کی جوڑی نے بالی ووڈ کے میوزک کو ایک ایسے مقام پر پہنچایا، جس کی مثال نہیں ملتی، ان کے بنائے گیتوں نے پوری دنیا میں دھوم مچائی، مجھے بھی ان کے ساتھ دبنگ سیریز سمیت دیگر فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا، وہ واقعی ہی بہت سمجھدار اور جانکار موسیقار تھے، ان کے ساتھ بہت سی یادیں میرے پاس ہیں، جب ہم ریکارڈنگ کیلئے سٹوڈیوز میں ہوتے تو جس طرح وہ مجھے دھن یاد کرواتے اور پھر ہم اکثر ملتے تو ساری رات میوزک پر گفتگو کا سلسلہ جاری رہتا۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار نے مزید کہا کہ وہ بہت ہنس مکھ انسان تھے اور ہمیشہ امن، دوستی کی بات کرتے تھے، جہاں تک بات میوزک کی ہے تو وہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے فنکاروں سے بہت عقیدت رکھتے تھے، میرے پاس الفاظ کم پڑ گئے ہیں ، کیونکہ واجد علی بہت ہی کم عمر میں اس دنیا سے رخصت ہو کر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ واجد علی کی مغفرت فرمائے اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔


اپنا تبصرہ لکھیں