راجر فیڈرر، رافیل نڈال کا پاکستان میں کورونا ریلیف اقدامات میں امداد


دنیا کے معروف ٹینس اسٹاز بشمول نوواک جوکووک پاکستان کے مایہ ناز ٹینس اسٹار اعصام الحق کی کورونا وائرس وبا میں عوام کو غذا پہنچانے میں مدد کے لیے اقدامات میں ساتھ دے رہے ہیں۔

رافیل نڈال، راجر فیڈرر، ماریا شاراپووا سمیت ثانیہ مرزا نے ’اسٹارز اگینسٹ ہنگر‘ (بھوک کے خلاف ستارے) مہم میں اپنے دستخط شدہ نشانیاں عطیہ کرچکے ہیں۔

اس اقدام کا آغاز گزشتہ ہفتے پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے کیا تھا۔

وہ ملک میں لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران غریب گھرانوں میں راشن تقسیم کر رہے ہیں اور اس کے لیے فنڈز بھی اکٹھا کر رہے ہیں۔

غیر ملکی نیوز ویب سائٹ الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے اعصام الحق کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ملک میں کورونا وائرس نے ہم سب کو متاثر کیا ہے، میں صرف اس میں اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہوں اور ضرورتمندوں، غریب اور روزانہ اجرت کمانے والوں کی مدد کی کوشش کر رہا ہوں‘۔

ان کی فلاحی تنظیم ’اسٹاپ وار اسٹارٹ ٹینس‘ نے رزق فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر اب تک ملک کے سب سے گنجان آباد صوبے پنجاب کے غریب علاقوں میں ڈھائی ہزار گھرانوں کو کھانا فراہم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ٹینس سے مجھے یہ موقع اور پلیٹ فارم ملا ہے کہ میں ان لوگوں کی مدد کروں اور یہ وقت کی ضرورت ہے، سب سے اہم چیز انسانیت پر ترس کھانا ہے‘۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان، پاکستانی کرکٹر شعیب ملک، سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم اور شعیب اختر اور بین الاقوامی اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے بھی اس میں بالترتیب اپنے دستخط شدہ گلووز، شرٹ، بال، ہیلمٹ اور ریکٹ عطیہ کرکے حصہ ڈالا ہے۔

24 مئی کو ختم ہونے والے آن لائن آکشن سے 10 ہزار گھرانوں کی مدد کے لیے 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر اکٹھا ہونے کی امید ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والا مہلک کورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑ چکا ہے اور آئے روز اس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ اموات بھی بڑھ رہی ہیں۔

ملک میں اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 45 ہزار 189 ہوگئی ہے جبکہ اموات 969 تک جا پہنچی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں