رات میں لوہے کی برسات کرنے والا انوکھا سیارہ دریافت


زمین سے دور بہت دور ایک انوکھا سیارہ دریافت ہوا ہے جہاں رات کے وقت فولادی ذرات کی بارش ہوتی ہے۔

ہمارے گھر سے 640 نوری سال کے فاصلے پر موجود سیارہ جھرمٹ ’’پائسِس‘‘ میں پایا جاتا ہے جس کا درجہ حرارت 2400 درجے سینٹی گریڈ ہے جو کہ اسے جہنم بنانے کے لیے کافی ہے۔ اس شدید درجہ حرارت پر اس کی سطح پر پایا جانے والا فولاد بھاپ بن کر اڑجاتا ہے۔

لیکن جیسے ہی رات ہوتی ہے تو فولاد کے ذرات دوبارہ ٹھنڈے ہو کر پگھلے ہوئے لاوے کی صورت میں سیارے کی سطح پر بارش کی طرح برسنے لگتے ہیں۔ یونیورسٹی آف جینیوا سوئزرلینڈ کے ماہرِ فلکیات ڈیوڈ ایرنریخ اور ان کے ساتھیوں نے سیارے کو ڈبلیو اے ایس پی 76 بی کا نام دیا ہے جس کا پہلا انکشاف 2016ء میں ہوا تھا جو ہمارے سیارے مشتری (جوپیٹر) کی طرح انتہائی گرم ہے لیکن مشتری کے مقابلے میں اس کی جسامت 1.8  گنا زائد ہے۔

یہ سیارہ اپنے ستارے سے 50 لاکھ کلومیٹر دور ہے اور اس کے سورج کا درجہ حرارت خود ہمارے سورج سے بھی زیادہ ہے۔ ہمارے سورج کا درجہ حرارت 5,778 کیلون ہے جبکہ اس سورج کا درجہ حرارت 6,329 کیلون ہے۔ واضح رہے کہ یہ سیارہ ہمارے چاند کی طرح مسلسل اپنا رخ ایک جانب رکھتا ہے یعنی ایک علاقے پر مسلسل رات ہے تو دوسرے حصے پر مسلسل دن رہتا ہے۔

دن کی گرمی سے وہاں موجود فولاد کی مقدار بھاپ بن کر اڑتی رہتی ہے جبکہ رات میں لوہے کی بارش ہوتی رہتی ہے لیکن یہ لوہا دہکتا ہوا برستا ہے۔ ماہرین نے ایک عام تکنیک ’طیف نگاری‘ اسپیکٹرواسکوپی‘ سے سیارے پر موجود عناصر کی شناخت کی ہے اور درجہ حرارت بھی اسی طریقے سے ناپا گیا ہے۔

اگرچہ یہ ایک سیارہ ہے جو لوہا برساتا ہے اس سے قبل ماہرین زمین سے پرے لعل اور ہیروں سے بنے سیارے بھی دریافت کرچکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں