رئیل می بہت تیزی سے مقبول ہونے والی کمپنی ہے جو کم قیمت میں کافی بہترین فیچرز والے فونز فروخت کرتی ہے اور گزشتہ ماہ اس نے اپنا پہلا فلیگ شپ فون ایکس 3 سپرزوم متعارف کرایا تھا۔
اب اس چینی کمپنی نے ایک اور فلیگ شپ فون ایکس 3 پیش کردیا ہے۔
یہ فون کسی حد تک ایکس 3 سپرزوم جیسا ہی ہے بس کچھ فیچرز کا فرق ہے خاص طور پر کیمرا سسٹم میں۔
اس نئے فون میں 6.6 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔
اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج رئیل می یوزر انٹرفیس سے کیا ہے جبکہ 4200 ایم اے ایچ بیٹری 30 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔
فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے جس میں مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے۔
اس کے علاوہ 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا دیا گیا ہے جو 2 ایکس آپٹیکل زوم کے ساتھ ہے، جبکہ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل موڈیول کیمرے بھی موجود ہیں۔
فرنٹ پر ڈوئل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے جس میں 16 میگا پکسل مین اور 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا شامل ہے۔
اس فون کو سب سے پہلے بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا اور جلد دیگر ممالک میں بھی دستیاب ہونے کا امکان ہے۔
اس کے 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 330 ڈالرز (55 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 343 ڈالرز (57 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوگا۔