رئیل می بھی ڈسپلے کے اندر چھپے سیلفی کیمرے والا فون پیش کرنے کیلئے تیار


اسمارٹ فون کمپنیوں کی جانب سے گزشتہ برسوں کے دوران سیلفی کیمروں کے مختلف ڈیزائن پر کام کیا گیا، جیسے نوچ اور پنچ ہول۔

مگر اب اکثر کمپنیاں ڈسپلے کے اندر چھپے سیلفی کیمرے کی تیاری پر کام کررہی ہیں۔

زی ٹی ای پہلی کمپنی تھی جس نے ایکسون 20 کی شکل میں ایسا پہلا کمرشل اسمارٹ فون ستمبر کے آغاز میں متعارف کرایا۔

دیگر کمپنیاں جیسے شیاؤمی نے تھرڈ جنریشن انڈر ڈسپلے کیمرا ٹیکنالوجی کی تیاری کا عندیہ دیا ہے جو اگلے سال کسی فون کا حصہ بنے گا۔

اسی طرح آنر اور اوپو کی جانب سے اس ٹیکنالوجی پر کام کیا جارہا ہے۔

اب ان میں ایک اور چینی کمپنی رئیل می کا اضافہ بھی ہورہا ہے جس کی جانب سے ایسے اسمارٹ فون پر کام ہورہا ہے جس کا اشارہ چینی سوشل میڈیا پر دیا گیا۔

رئیل می کے نائب صدر شو چی چیس نے ویبو پر ایک اسمارٹ فون کی تصویر پوسٹ کی جس میں پنچ ہول یا نوچ فری ڈسپلے موجود تھا۔

اگرچہ اس میں ڈسپلے کے اندر چھپے کیمرے کی جانب براہ راست اشارہ تو نہیں کی گیا مگر اس پوسٹ پر موجود کمنٹ میں انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ اس میں پوپ اپ کیمرا بھی موجود نہیں۔

اس سے یہی عندیہ ملتا ہے کہ اس گمنام فون میں سیلفی کیمرا ڈسپلے کے اندر چھپایا گیا ہے۔

یہ اس لیے بھی قابل فہم ہے کیونکہ رئیل می کے سی ای او پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ 5 جی موڈیول میں پوپ اپ کیمرے کو چھپانا کو عملی آپشن نہیں۔

اس موڈیول کی موٹوئی کے نتیجے میں بیٹری کا حجم متاثر ہوتا ہے۔

تصویر میں موجود فون بظاہر فائنل ڈیزائن محسوس ہوتا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ بہت جلد اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

ابھی یہ کہنا تو مشکل ہے کہ اسے کب تک رئیل می کی جانب سے متعارف کرایا جاسکتا ہے مگر رواں سال کے آخر یا 2021 کے اوائل میں اسے پیش کیا جاسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں