کراچی:
کراچی ایکسپو سینٹر میں زمین ڈاٹ کام کے تحت زمین ایکسپو 2020 کاافتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران وفاقی وزیر نے کہاکہ کراچی میں قوانین پرعملدرآمدنہ ہونے کہ وجہ سے معیارکے مطابق تعمیرات نہیں ہوتی ہیں۔
انھوں نے کہاکہ زمین ڈاٹ کام خریدوفروخت کے پلیٹ فارم مہیا کرنے کے علاوہ ریئل اسٹیٹ سیکٹرکوریگولیٹ کرنے میں حکومت کی معاونت کرے،انھوں نے بتایاکہ گذشتہ 40سال کے دوران کے پی ٹی کی بڑی بڑی اراضیوں پرقبضہ کیاگیا اور قبضہ شدہ اراضیوں پر قائم ہونے والی آبادیاں بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔
انھوں نے کہاکہ کراچی میں منعقدہونے والی نمائشوں کے ذریعے معاشی سرگرمیاں بڑھتی ہیں جس کے نتیجے میں پورے ملک کی اقتصادی شرح نموکی رفتار بھی تیزہوتی ہے۔ریئل اسٹیٹ کی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے اورجب یہ شعبہ ریگولیٹڈ ہوگا توچارچاندلگ جائیں گے۔کراچی کوایک پورٹ سٹی کے طورپرجوترقی دی جانی تھی وہ نہیں دی جاسکی۔ بندرگاہیں شہرکوچلاتی ہیں، شہربندرگاہوں کونہیں چلاتے۔کراچی کی تاریخی کی عمارتوں کوبرباد کیا گیا تاہم وزارت بحری امورمحمدی ہاؤس سمیت دیگر تاریخی عمارتوں میں بہتری لانے کی بھی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
اس موقع پر زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان نے کہاکہ زمین ایکسپوکا آغاز کراچی ایکسپوسینٹر سے کیاگیا جہاں سے ہمیں صارفین تعمیراتی شعبے کی جانب سے وسیع پزیرارائی حاصل ہوئی ہے اور نمائش کے پہلے ہی دن عوام کے امڈتے ہوئے سیلاب سے ہمارے حوصلے بہت بلند ہوئے ہیں۔اْنھوں نے کہاکہ کراچی کے بعد پاکستان کے مزید شہروں میں بھی پراپرٹی کی بڑی نمائشیں منعقد کی جائیں گی۔