ذیابطیس ٹائپ2 لڑنے والے اداکار فواد خان کا مداحوں کو چینی استعمال نہ کرنے کا مشورہ

ذیابطیس ٹائپ2 لڑنے والے اداکار فواد خان کا مداحوں کو چینی استعمال نہ کرنے کا مشورہ


لالی ووڈ و بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف اداکار فواد خان نے مداحوں کو چینی استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

یاد رہے کہ اداکار فواد خان نے ماضی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ میں کم عمری سے ہی شوگر کا مریض رہا ہوں، میں نے اپنی شوگر اور روٹین کو متوازن رکھنے کے لیے بہت محنت کی ہے۔

اداکار آج کل اپنے آنے والے نئے پروجیکٹ ’برزخ‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور متعدد پلیٹ فارمز پر انٹرویوز دے رہے ہیں۔

گزشتہ روز انہوں نے یوٹیوب پر ایک انٹرویو کے دوران جہاں اپنی فلم ’برزخ‘، شادی، نجی زندگی، عادتوں اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق بات کی وہیں اُنہیں ایک بار پھر اپنی صحت پر بات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

اداکار کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ پاکستان میں شوگر کی شرح دن بدن بڑھتی جا رہی ہے اور لوگوں کو علم ہی نہیں ہے کہ شوگر بڑھنے اور کم ہونے پر کیا کرنا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ 4 سال 8 سال کے بچوں میں ڈائیبٹیز کی تشخیص ہو رہی ہے جو کہ ایک تشویش ناک صوتحال ہے۔

فواد خان نے انٹرویو کے دوران کیمرے کی جانب دیکھتے ہوئے کہا کہ یہ جو آپ شوگر کھا رہے ہیں یہ ضرورت نہیں ایک خواہش ہے، اسے چھوڑا بھی جا سکتا ہے، شوگر آپ کے دماغ کے ساتھ کھیلتی ہے اور آپ کو بیمار کرتی ہے۔

فلم و ٹی وی اداکار نے مزید کہا کہ چینی بہت سوچ سمجھ کر استعمال کریں، یہ آپ کا اپنا فیصلہ ہے کہ آپ نے کتنا میٹھا کھانا ہے اور کتنا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی دیگر ممنوعہ منشیات کی طرح آپ کے جسم کو نقصان پہنچاتی ہے۔

اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ چینی آپ کی سب سے بڑی دشمن ہے، یہ میں نے اپنے اور دیگر لوگوں کے تجربے سے سیکھا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں