بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے فلم ’جوان‘ میں ایک مختصر سا خصوصی کردار ادا کیا ہے۔
دیپیکا پڈوکون بھارتی فلم انڈسٹری کی صفِ اوّل کی اداکارہ ہیں اور ایک فلم میں کام کرنے کے لیے کروڑوں روپے معاوضہ وصول کرتی ہیں۔
اُنہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ شاہ رخ خان اور میں ایک دوسرے کے لیے خوش قسمت ہیں لیکن ایمانداری سے ہمارا رشتہ قسمت سے کہیں آگے ہے، ہم ایک دوسرے کو کوئی بھی کام کرنے کے لیے پورے حق سے کہہ سکتے ہیں اور میں ان چند لوگوں میں سے ایک ہوں جن سے شاہ رخ خان کے دوستانہ تعلقات ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم دونوں کے درمیان اعتماد اور احترام کا رشتہ ہے تو میں نے شاہ رخ خان سے کوئی معاوضہ نہیں لیا۔
واضح رہے کہ دیپیکا پڈوکون نے شاہ رخ خان کی فلم’اوم شانتی اوم‘ سے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا جس کے بعد ان دونوں اداکاروں نے ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کیا اور شاہ رخ خان کی رواں سال کے آغاز میں ریلیز ہونے والی فلم’پٹھان‘ میں بھی دیپیکا پڈوکون کو مرکزی کردار میں دیکھا گیا۔