بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اداکار پربھاس کی فلم ’پروجیکٹ K‘ نے ریلیز ہونے سے پہلے ہی ایک بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
فلم’پروجیکٹ K‘نے سان ڈیاگو کومیک کون ایونٹ میں اپنی جگہ بنالی ہے۔
سان ڈیاگو کومیک کون ایونٹ میں اپنی جگہ بنانے والی یہ پہلی بھارتی فلم ہے جس کی 19 جولائی کو ایونٹ میں پروموشن کی جائے گی۔
20 جولائی کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں فلم کے ہدایتکار ناگ ایشون، اداکارہ دیپیکا پڈوکون، اداکار پربھاس اور کمل ہاسن شرکت کریں گے۔
فلم ’پروجیکٹ K‘ کے پروڈکشن ہاؤس نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر فلم کا خصوصی پوسٹر شیئر کیا ہے جس پر پربھاس کی تصویر آویزاں ہے۔
یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا کہ’یہ ایک فخریہ لمحہ ہے‘۔
نیشنل ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر ناگ ایشون نے اس بڑی کامیابی پر کہا کہ ہندوستان اب تک لکھے گئے کچھ عظیم ترین افسانوں اور سپر ہیروز کا گھر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمیں لگتا ہے کہ ہماری فلم اُنہیں دنیا کے سامنے لانے کی ایک کوشش ہے۔ اور کومیک کون ہمیں اپنی کہانی کو عالمی سطح پر ناظرین سے متعارف کروانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔