دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے فیملی بنانے کا عندیہ دے دیا

دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے فیملی بنانے کا عندیہ دے دیا


بھارتی صفِ اول کی اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اور اُن کے شوہر، اداکار رنویر سنگھ دو سے تین ہونے سے متعلق سوچ رہے ہیں۔

دیپیکا پڈوکون نے ایک حالیہ انٹرویو میں پہلی بار رنویر سنگھ کے ساتھ فیملی شروع کرنے سے متعلق کُھل کر بات کی ہے۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ کے اس مشہور ترین جوڑے کی شادی کو پانچ سال ہو چکے ہیں، دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے گزشتہ سال نومبر 2023ء میں اپنی شادی کے پانچ سال مکمل کیے ہیں۔

حال ہی میں دیپیکا پڈوکون نے ’ووگ میگزین‘ کی جانب سے والدین بننے سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر مسکرا کر جواب دیا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بالکل، رنویر اور میں بچوں سے پیار کرتے ہیں، ہم اس دن کے منتظر ہیں جب ہم اپنا خاندان شروع کریں گے۔

دیپیکا کا مزید کہنا تھا کہ ’جب میں ان لوگوں کے ساتھ ملتی ہوں جن کے ساتھ میں بڑی ہوئی ہوں، میری خالہ، چچا، خاندانی دوست، وہ ہمیشہ اس موضوع سے متعلق بات کرتے ہیں اور سوال کرتے ہیں کہ میں نے کیسے ابھی تک اس بارے میں نہیں سوچا۔‘

دیپیکا پڈوکون کا بتانا تھا کہ اُن کے خاندان والے اُن سے ایک مشہور شخصیت کے طور پر نہیں ملتے، وہ ہر موضوع پر بات کرتے ہیں اور جواب مانگتے ہیں، میرے ساتھ مشہور شخصیت جیسا سلوک نہیں کیا جاتا، میں سب سے پہلے ایک بیٹی اور ایک بہن ہوں، میں نہیں چاہتی کہ میرے مشہور ہونے کا ان رشتوں پر کوئی اثر پڑے، میرا خاندان مجھے مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے اور میں اور رنویر سنگھ بھی اپنے بچوں میں یہی روایتیں اور اقدار دیکھنا چاہتے ہیں۔

یاد  رہے کہ دیپیکا پڈوکون آخری بار 2023ء میں شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ میں نظر آئی تھیں، وہ آئندہ پروجیکٹ میں ہدایتکار سدھارتھ آنند کی فلم ’فائٹر‘ میں نظر آئیں گی۔

دیپیکا پڈوکون پہلی بار اداکار ہریتک روشن کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے جا رہی ہیں، اس فنکار جوڑی کی فلم 25 جنوری 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

دوسری جانب رنویر سنگھ بھی گزشتہ سال کرن جوہر کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں نظر آئے تھے۔

رنویر سنگھ آئندہ فلم ’سنگھم اگین‘ میں اکشے کمار، اجے دیوگن، کرینہ کپور اور دیپیکا پڈوکون کے ساتھ نظر آئیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں