دہشت گرد کو مجھ سے منسوب کیا گیا، انکوائری کا حکم دیدیا ہے: وزیراعلیٰ سندھ


وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایک دہشت گرد سے کہلوایا گیا کہ اس نے مجھ سے ملاقات کی ہے، اس معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد کے حوالے سے ویڈیو میں مجھ کو منسوب کیا گیا، میں ٹھیلے والے سے نا کبھی ملا ہوں اور نا ہی اسے جانتا ہوں، 2017 میں جب وہ گرفتار ہوا تھا تو وہ رینجرز کی تحویل میں تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اس معاملے کی تہہ تک پہنچ گیا ہوں، میں نے اس حوالے سے آئی جی پولیس اور ایڈیشنل آئی جی کو انکورائری کا حکم بھی دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے سے غلط نمبر پلیٹ لگی گاڑی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی، ہر سرکاری گاڑی کا وزیراعلیٰ ہاؤس سے تعلق نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ جس گاڑی پر یہاں آیا ہوں اس پر بھی رجسٹریشن نمبر درج ہے، انکوئری میں سامنے آیا کہ وہ گاڑی گورنر ہاؤس کی ہے۔

صوبائی کابینہ میں رد بدل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ میری صوابدید ہے جب بھی ضرورت پڑی کروں گا لیکن فی الحال کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی۔

سندھ سمیت ملک بھر میں ٹماٹروں کی بڑھتی ہوئی قیمت کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر صرف سندھ میں ٹماٹر کی قیمت بڑھی ہے اور پورے ملک میں 17 روپےکلو میں ٹماٹر مل رہا ہے تو میں ذمے دار ہوں۔


اپنا تبصرہ لکھیں