دپیکا نے رنویر سنگھ کے ساتھ فلم ’83‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا


بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور ان کے شوہر رنویر سنگھ ایک ساتھ اب تک تین فلمیں ’رام لیلا‘، ’باجی راؤمستانی‘ اور ’پدماوت‘ کرچکے ہیں لیکن اب دپیکا نے ان کے ساتھ چوتھی فلم ’83‘ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ دکن کرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق دپیکا پڈوکون کو بھارتی کرکٹر کپل دیو پر بننے والی بائیوپک فلم ’83‘ میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، جس کے لیے انہوں نے صاف انکار کردیا ہے۔

فلم میں رنویر سنگھ کپل دیو کا مرکزی کردار ادا کریں گے جبکہ دپیکا کو کپل دیو کی اہلیہ رومی کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے یہ کردار کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں اہلیہ کا کردار بہت مختصر ہے جبکہ یہ فلم مکمل طور پر ہیرو کی زندگی پر مبنی ہے۔

دپیکا کا ماننا ہے کہ وہ اُس فلم میں کام کریں گی جس میں ان کا کردار مضبوط ہو، ’پدماوت‘ اور دیگر فلموں میں رنویر سنگھ کے ساتھ انہوں نے فلم اس لیے کی تھی کیونکہ ان میں ان کا کردار طاقتور تھا۔

رپورٹ کے مطابق دپیکا کا کہنا ہے کہ وہ کام کے معاملے میں بہت زیادہ سنجیدہ ہیں، وہ یہ نہیں دیکھتیں کہ مرکزی کردار رنویر سنگھ کر رہے ہیں یا نہیں، ہاں اگر ایسی کوئی فلم ہو جس میں رنویر سنگھ ہوں اور اس میں ہیروئن کا کردار بھی اچھا ہو تو وہ ضرور کریں گی۔

واضح رہے کہ دپیکا اور رنویر گزشتہ برس نومبر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں