بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر ناظم الحسن نے دورہ پاکستان کے لیے حکومت سے سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ناظم الحسن کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے دورہ پاکستان کے حوالے سے سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے حکومت کو لکھا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے اس سے پہلے خواتین کی کرکٹ ٹیم اور انڈر-16 ٹیم کو بھیجا تھا تاہم اب تک سینئر ٹیم کو بھیجنے کی اجازت نہیں ملی ہے، سیکیورٹی سب کے لیے اہم ہے یہاں تک اگر انڈر-12 ٹیم بھی ہو’۔
مزید پڑھیں:بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان کا فیصلہ رواں ہفتے متوقع
ناظم الحسن نے سیکیورٹی کے حوالے سے کہا کہ ‘یہ سب کے لیے ایک جیسا ہے اس لیے مجھے یقین ہے کہ ہم ممکنہ طور پر سیکیورٹی کلیئرنس حاصل کرپائیں گے’۔
بی سی بی کے سربراہ نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت سے اجازت ملنے کے بعد بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو اجازت ہوگی کہ وہ پاکستان جانے کے لیے تیار ہیں یا نہیں جبکہ بی سی بی کے ڈائریکٹر اکرم خان نے ٹیسٹ ٹیم کو بعد میں بھیجنے کی تجویز دی تھی۔
ناظم الحسن نے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا کہ ‘حکومت نے اپنی سیکیورٹی ٹیم بھیجی تھی اس لیے جیسے ہی اجازت ملے گی پھر ہم اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے، سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہم کھلاڑیوں سے بھی ضرور پوچھیں گے جن کی رائے بہت اہم ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہم بورڈ کے فیصلے کو بھی دیکھیں گے لیکن ہم فیصلے کے آخری مرحلے پر ہیں، میرے خیال میں اگلے 4 سے 5 دنوں میں ہمیں معلوم ہوگا’۔
بی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری نے گزشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بورڈ کو حکومت سے توقع ہے کہ وہ جلد فیصلہ کرے گی لیکن وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اب ٹیموں کو پاکستان آ کر نہ کھیلنے کی وجہ بتانا ہو گی،احسان مانی
خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم اور جونیئر ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جبکہ سینئر ٹیم آخری مرتبہ 2008 میں پاکستان آئی تھی جس کے بعد اب تک بی سی بی اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے گریزاں رہا ہے۔
چند برس قبل ایک موقع آیا تھا کہ جب بی سی بی دورہ پاکستان کے لیے حتمی فیصلے کے قریب پہنچ گیا تھا لیکن اس وقت کے بورڈ سربراہ مصطفیٰ کمال نے آخری لمحوں میں اپنا فیصلہ تبدیل کردیا تھا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اگلے ماہ 3 ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز شیڈول ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز لاہور میں 23، 25 اور 27 جنوری کو کھیلی جائے گی جس کے بعد ایک ٹیسٹ راولپنڈی اور دوسرا کراچی میں ہوگا۔