دورہ انگلینڈ؛ پاکستان ٹیم نے آسٹریلیا کی بھی ہمت بڑھا دی


برسبین /  لندن: 

 انگلینڈ کا دورہ کر کے پاکستان ٹیم نے آسٹریلیاکی بھی ہمت بڑھا دی جب کہ کینگروزآئندہ ماہ وائٹ بال سے 6 میچز کھیلنے کیلیے مہمان بنیں گے۔ویسٹ انڈیز اور پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ نے آسٹریلیا کو بھی انگلینڈ جانے کی ہمت عطا کردی، کینگروز اب آئندہ ماہ 3 ٹوئنٹی 20 اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کیلیے ای سی بی کے مہمان بنیں گے، دورے کیلیے 21 رکنی اسکواڈ میں ریلے میڈریتھ، جوش فلپ اور ڈینیئل سیمز بھی شامل ہیں۔

کورونا وائرس کے بعد کینگروز کی یہ پہلی انٹرنیشنل سیریز ہوگی، انگلینڈ پہنچنے پر مہمان ٹیم بائیو سیکیور ببل میں قیام کرے گی، ٹی 20 میچز 4،6 اور8 ستمبر جبکہ ایک روزہ مقابلے 11،13 اور16 تاریخ کو شیڈول ہیں۔

مارکس اسٹوینس اور گلین میکسویل بھی ایک روزہ کرکٹ میں واپسی کریں گے، کپتان ایرون فنچ کے نائب پیٹ کمنز ہوں گے، میکڈونلڈ کی غیرموجودگی میں ٹرینٹ ووڈ ہل کو موقع مل سکتا ہے، 23 اگست کو انگلینڈ  روانہ ہو نے سے قبل کینگروز کا دستہ پرتھ میں یکجا ہوگا۔

ڈربی میں ابتدائی قیام اور پریکٹس میچز کے بعد انگلش ٹیم سے سامنا ہیمپشائر اور مانچسٹرمیں ہونا ہے، دوسری جانب آسٹریلیا کی میزبانی کرنے پر انگلش بورڈ 76 ملین پاؤنڈ کے نقصان سے بچ جائے گا۔

براڈ کاسٹر سے ملنے والی رقم ای سی بی کیلیے خاصی حوصلہ افزا ہوگی، اس نے کورونا صورتحال کے سبب اپنی متوقع آمدنی میں 25 فیصد نقصان کا اندازہ لگایا تھا، اگر آسٹریلوی ٹیم آنے سے انکار کرتی تو اس میں 76 ملین پاؤنڈ رقم بڑھ جاتی۔


اپنا تبصرہ لکھیں