دورۂ پاکستان ؛ سنگاکارا بڑی ٹیموں کا حوصلہ بڑھانے لگے


کراچی:  کمار سنگا کارا دورۂ پاکستان کیلیے انگلینڈ اور آسٹریلیا کا حوصلہ بڑھانے لگے،ایم سی سی کے صدر کا کہنا ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر تیز کرنے کیلیے بڑی ٹیموں کا آنا انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا،موجودہ حالات میں مختصر دورہ بھی مناسب ہے۔

تفصیلات کے مطابق مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے نے پاکستان میں کھیلوں کے میدانوں کو ویران کر دیا،انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر شروع ہوا لیکن ابھی تک بڑی ٹیمیں یہاں آکر کھیلنے کا حوصلہ نہیں کرپائیں،وقفے وقفے سے محدود اوورز کے چند میچز ہوئے،پھرگزشتہ سال دسمبر میں سری لنکن ٹیم کیخلاف سیریز نے ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا دروازہ بھی کھول دیا، بنگلہ دیشی سائیڈ نے رواں سال فروری میں طویل فارمیٹ کا ایک میچ راولپنڈی میں کھیلا، دوسرے مرحلے میں کراچی میں ایک ون ڈے اور ایک ٹیسٹ شیڈول کیا گیا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے انعقاد ممکن نہیں ہوسکا، ایم سی سی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا توصدر سنگا کارا بطور کپتان ہمراہ تھے۔

برطانوی میڈیا کو ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ پاکستانی سیکیورٹی انتظامات بہترین ہیں،کسی ایشیائی ٹیم کے وہاں جانے سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ انگلینڈ، آسٹریلیا بلکہ جنوبی افریقہ جیسی سائیڈز بھی سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے اور یقینی دہانی حاصل کرتے ہوئے دورہ کریں۔

سنگاکارا نے کہا کہ مستقبل قریب میں 5ٹیسٹ میچز کے بعد ون ڈے سیریز بھی ایک ساتھ کھیلنے کے امکانات نظر نہیں آ رہے، مناسب یہی ہوگا کہ ٹیمیں 2ٹیسٹ کھیل کر واپس جائیں، 3ون ڈے کھیلنے کیلیے دوبارہ آئیں، طویل دوروں کا تو وقت نہیں ہے لیکن مناسب تال میل اور درست اقدامات سے کرکٹرز پاکستان جاکر اعلیٰ معیار کے کھیل سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں، اس طرح وہ وہاں کرکٹ کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے، مضبوط ٹیم اور پْرجوش شائقین پاکستان میں مقابلوں کو یادگار بنا دیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں