اسلام آباد: افغانستان میں بڑھتے ہوئے معاشی، صحت اور انسانی بحران کے تناظر میں پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) نے افغانستان کو 16 کروڑ روپے کی جان بچانے والی ادویات عطیہ کر دیں۔
گزشتہ ماہ افغان وزیر صحت نے دورہ پاکستان کے دوران اس حوالے سے مدد کی درخواست کی تھی جس کے جواب میں پاک ۔ افغان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے یہ ادویات عطیہ کی گئیں۔
یہ ادویات اسلام آباد کے افغان سفارت خانے میں منعقدہ ایک تقریب میں افغان ناظم الامور کے حوالے کی گئیں۔
اس تقریب میں پی پی ایم اے کے چیئرمین قاضی منصور دلاور اور ایگزیکٹو اراکین عثمان شوکت، امان شیخ اور ارشد محمود نے شرکت کی۔ پاک ۔ افغان کوآپریشن فورم کے چیئرمین حبیب اللہ بھی تقریب میں موجود تھے۔
قاضی دلاور کا کہنا تھا کہ فارما کے شعبے نے گزشتہ ماہ 10 کروڑ روپے کی ادویات عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم 16 کروڑ روپے کی ادویات جمع کرلی گئیں۔
دریں اثنا کوکا کولا فاؤنڈیشن نے بھی افغانستان میں بے گھر افراد کے لیے انسانی امداد فراہم کی ہے۔
ایک بیان کے مطابق اقوم متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کو 3 لاکھ ڈالر کی امداد دی گئی ہے جس سے 500 سے زائد خاندانوں کی مدد کی جائے گی۔
اس امداد سے انہیں بنیادی اشیا کے علاوہ سر چھپانے کا سامان بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ انہیں موسم سرما کی سختی سے بچایا جاسکے۔