دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوز کا بچپن کا خواب اب پورا ہونے والا ہے۔
جیف بیزوز نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی کمپنی بلیو اوریجن کے خلا میں مسافر لے کر جانے والے پہلے مشن کا حصہ ہوں گے۔
57 سالہ ارب پتی نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں اعلان کیا کہ وہ اس خلائی سفر میں اپنے بھائی مارک کو ساتھ لے کر جائیں گے۔
بلیو اوریجن کا پہلا مسافر بردار خلائی مشن 20 جولائی کو روانہ ہوگا یعنی اس وقت جب جیف بیزوز کو ایمازون کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ چھوڑے 2 ہفتے ہوچکے ہوں گے۔
جیف بیزوز نے اس پوسٹ میں بتایا ‘5 سال کی عمر سے میں خلا کے سفر کا خواب دیکھ رہا ہوں، 20 جولائی کو میں اپنے بھائی کے ساتھ یہ سفر کروں گا، ایک عظیم ترین ایڈونچر اپنے بہترین دوست کے ساتھ’۔
بلیو اوریجن ان چند اہم ترین خلائی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو لوگوں کو خلا کی سیر کرانے کے منصوبوں پر کام کررہی ہیں۔
ان میں سے ایک کمپنی ایلون مسک کی اسپیس ایکس بھی ہے جبکہ رچرڈ برانسن کی ورجین گالاٹک ہولڈنگ بھی اس طرح لوگوں کو زمین سے باہر لے جانا چاہتی ہے۔
بلیور اوریجن کی جانب سے 20 جولائی کی پرواز کے لیے نیو شیپرڈ راکٹ کو استعمال کیا جائے گا جو 11 منٹ کا سفر ہوگا اور 100 کلومیٹر بلندی پر جائے گا۔
اس کمپنی کی جانب سے مستقبل قریب میں لوگوں کو 4 روزہ خلائی سفر کے لیے بھی بھیجا جائے گا جس کے لیے لوگوں کو 3 دن کی تربیت بھی دی جائے گی۔