دنیا کورونا سے، حکومت میڈیا اور اپوزیشن سے لڑ رہی ہے: شہباز شریف


پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دنیا کورونا اور معیشت کی زبوں حالی سے لڑ رہی ہے جب کہ نیازی حکومت میڈیا اور اپوزیشن سے لڑ رہی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کی غرض سے گزشتہ برس نومبر سے لندن میں موجود شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے بڑھ کر معیشت کی زبوں حالی قومی سلامتی کے لیے خطرات بڑھا رہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کورونا کے لیے قومی حکمت عملی کی تیاری میں بہت تاخیر کی گئی، عالمی سطح پر بڑھتے معاشی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجموعی قومی پالیسی درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 روز میں 60 کروڑ ڈالر کی رقم کا ملک سے نکل جانا ہمارے خدشات کی تصدیق ہے جب کہ حکومت کی آئی ایم ایف سے ڈیل کورونا کی صورتحال میں ہماری مشکل مزید بڑھائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا کورونا اور معیشت کی بدحالی سے لڑ رہی ہے جب کہ حکومت میڈیا اور اپوزیشن سے لڑ رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج 10 فیصد پہلے ہی گر چکی، آنکھیں نہ کھولیں تو ناقابل تلافی نقصان ہو گا، 5 منٹ میں کے ایس ای 30 انڈکس کا 4 فیصد گرنا خطرناک علامت ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ کورونا پر وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر لوگ توجہ دلاتے رہے لیکن عمران خان کی آنکھ نہ کھلی، صورتحال مزید بگڑنے پر اب ہاتھ پاؤں مارے جا رہے ہیں۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ باتوں سے معیشت چل سکتی ہے نہ کورونا سے پیدا شدہ صورتحال پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ عقل کُل ہونے کے خبط سے نکل کر دل اور ذہن کی کھڑکیاں کھولیں، قوم اور ملک کی صحت سے نہ کھیلیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں