موذی مرض کینسر کے علاج کو جہاں مہنگا سمجھا جاتا ہے، وہیں اس کا علاج تکلیف دہ بھی ہوتا ہے اور اس میں کافی وقت بھی لگتا ہے۔
تاہم اب پہلی بار متعدد اقسام کے کینسر کے مریضوں کا علاج محض 7 منٹ میں ہوگا۔
جی ہاں، برطانیہ کی ریاست انگلینڈ میں حکومت نے کینسر کے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے نئے طریقے کی اجازت دے دی، جس کے بعد اب مریضوں کو انجکشن لگائے جا سکیں گے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق سات منٹ کے اندر مریضوں کو علاج کرنے کی سہولیات ریاست انگلینڈ کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب ہوگی، جس کے تحت مریضوں کو عام انجکشن کی طرح انجکشن لگایا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’ٹیسینٹرک‘ (Tecentriq) نامی انجکشن جسے پہلے ڈاکٹرز ’انٹراوینس انجکشن‘ (آئی وی) کے ذریعے دیتے تھے۔
یعنی مذکورہ انجکشن کو پہلے ڈرپ کی صورت میں مریضوں کو لگائی جاتی تھی، جس سے ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کا وقت درکار ہوتا تھا لیکن اب یہی انجکشن مریضوں کو سات منٹ کے اندر لگائی جا سکے گی۔
مذکورہ انجکشن بھی دیگر عام درد اور بخار کے انجکشن کی طرح لگائی جائے گی، تاہم اس میں موجود کو دوا کو 7 منٹ کے اندر انسانی جسم میں داخل کیا جائے گا جب کہ عام انجکشن کو بعض مرتبہ ایک منٹ کے اندر ہی انسانی جسم میں داخل کردیا جاتا ہے۔
مذکورہ انجکشن کینسر کی متعدد اقسام میں لگائی جاتی ہے، یہ انجکشن، بریسٹ، جگر، مثانے اور پھیپھڑوں کے کینسر سمیت دیگر اقسام کے مریضوں کو لگائی جاتی ہے۔
’ٹیسینٹرک‘ (Tecentriq) نامی انجکشن امیونوتھراپی کا کام کرتی ہے، یعنی انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو طاقتور بناکر اسے کینسر کا سبب بننے والے سیلز سے جنگ کرنے پر آمادہ کرتی ہے۔
یہ انجکشن آئی وی ڈرپ کی صورت میں کافی عرصے سے متعدد ممالک میں کینسر کے ان مریضوں کو دی جاتی رہی ہے جو کیموتھراپی کے عمل سے گزر رہے ہوتے ہیں لیکن اب اسے عام انجکشن کی طرح بھی لگایا جا سکے گا۔
ماہرین کو امید ہے کہ مذکورہ طریقے کار کے تحت کم وقت میں زیادہ مریض فائدہ حاصل کر سکیں گے اور اس طریقے کے نتائج بھی اچھے مل سکیں گے۔