دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں یومیہ 10 ہزار سے تجاوز کرگئیں


عالمی سطح پر گزشتہ ایک ہفتے میں ہونے والی ہلاکتیں فی روز 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں جو کہ ہلاکت خیز وبا کے آغاز سے تاحال ایک ریکارڈ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی وبا کی دوسری لہر نے شدت اختیار کرلی ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہر 9 سیکنڈ میں ایک ہلاکت ہوئی جب کہ یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

گزشتہ دو ماہ سے کورونا کی شدت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور اس دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں امریکا اور بھارت شامل ہیں۔

دوسری جانب برطانیہ، چین، روس اور امریکا کی کمپنیوں نے کورونا ویکسین کی تیاری کا دعویٰ کیا ہے اور امریکی کمپنی فائزر کی ویکسین کو برطانیہ میں عام استعمال کے لیے اجازت دیدی گئی ہے۔

ادھر اقوام متحدہ نے ویکسین کی دنیا بھر میں منصفانہ تقسیم کے لیے COVAX نامی ادارہ تشکیل دیا ہے جب کہ جنرل سیکرٹری یو این نے دنیا سے پیداوار کا دس فیصد تک امدادی فنڈ میں جمع کرانے کی اپیل کی ہے جس سے متاثرہ ممالک اور قرض میں ڈوبے ممالک کی مدد کی جا سکے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں