دنیا بھر میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد نصف ارب سے زائد ہوگئی

دنیا بھر میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد نصف ارب سے زائد ہوگئی


دسمبر 2019 میں چین سے شروع ہونے والی کورونا وائرس کی وبا سے دنیا بھر میں متاثر افراد کی تعداد 50 کروڑ یعنی نصف ارب سے تجاوز کر گئی۔

کورونا سے متاثر ہونے والی افراد کی تعداد چین اور بھارت کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک کی مجموعی آبادی سے بھی دگنی ہے۔

چین اور بھارت کے علاوہ دنیا کے کسی بھی ملک کی مجموعی آبادی 50 کروڑ نہیں ہے جب کہ کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد بھی 61 لاکھ سے متجاوز ہوگئی اور یہ تعداد بھی دنیا کے متعدد ممالک کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے۔

یورپ، ایشیا اور افریقہ میں متعدد ممالک، ریاستیں اور جزائر ایسے ہیں، جن کی مجموعی آبادی 61 لاکھ سے بھی کم ہے۔

سب سے زیادہ کیسز اور اموات امریکا میں ریکارڈ کی گئیں—فائل فوٹو: رائٹرز
سب سے زیادہ کیسز اور اموات امریکا میں ریکارڈ کی گئیں—فائل فوٹو: رائٹرز

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اپریل کے وسط میں دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد نصف ارب سے زائد ہوگئی، دنیا میں سب سے زیادہ افراد امریکا میں متاثر ہوئے، دوسرے نمبر پر بھارت جب کہ تیسرے نمبر پر برازیل رہا۔

امریکا میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 8 کروڑ، بھارت میں چار کروڑ جب کہ برازیل میں تین کروڑ سے زائد ہے، اسی طرح امریکا میں سب سے زیادہ اموات بھی ہوئیں۔

اموات کے حوالے سے دوسرے نمبر پر روس جب کہ تیسرے نمبر برازیل رہا اور مجموعی طور پر دنیا بھر میں اب تک 61 لاکھ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

کیسز کے حوالے سے بھارت دوسرے نمبر پر رہا—فائل فوٹو: رائٹرز
کیسز کے حوالے سے بھارت دوسرے نمبر پر رہا—فائل فوٹو: رائٹرز

عالمی ادارہ صحت ’ڈبلیو ایچ او‘ کے مطابق کورونا سے متاثر ہونے والے نصف ارب سے زائد افراد میں سے زیادہ تر یعنی 49 کروڑ کے لگ بھگ افراد وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا خطہ یورپ رہا، جہاں مجموعی طور پر 37 فیصد افراد وبا کا شکار ہوئے، 17 فیصد کے ساتھ ایشیا دوسرے اور 17 فیصد کے ساتھ شمالی امریکا تیسرے نمبر پر رہا۔

کورونا کے کیسز میں سب سے زیادہ تیزی 2022 کے آغاز میں دیکھی گئی اور آخری چار ماہ 20 کروڑ افراد وبا سے متاثر ہوئے۔

اس وقت تک کورونا دنیا کے تمام ممالک تک پہنچ چکا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
اس وقت تک کورونا دنیا کے تمام ممالک تک پہنچ چکا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

دسمبر 2019 میں چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والے مرض کو مارچ 2020 میں عالمی ادارہ صحت نے عالمی وبا قرار دیا تھا اور یہ بیماری اس وقت دنیا کے تمام خطوں، علاقوں، ممالک اور ریاستوں میں موجود ہے۔

اس وقت دنیا کے 240 سے زائد ممالک اور ریاستوں میں سے 20 ممالک ایسے ہیں، جہاں اب بھی کورونا کے کیسز تیزی سے آ رہے ہیں، ان ممالک میں امریکا، بھوٹان، چین، جنوبی کوریا اور بھارت جیسے ممالک بھی شامل ہیں۔

اس وقت ایک بار پھر چین کے شہر شنگھائی میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز
اس وقت ایک بار پھر چین کے شہر شنگھائی میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز

اپنا تبصرہ لکھیں