قاہرہ: مصر میں دلہا نے رخصتی کے دن دلہن کو دسویں منزل سے دھکا دیدیا جس کے نتیجے میں دلہن کی موت واقع ہوگئی۔
عرب میڈیا کے مطابق مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ کی ایک عمارت کی نچلی منزل پر دلہن کی لاش پڑی تھی جس پر رہائشیوں نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر تفتیش کی تو دلہن کے قتل کا ذمہ دار کوئی اور نہیں بلکہ دولہا نکلا جس پر اُسے حراست میں لے لیا گیا۔
دوران تفتیش دلہا نے پولیس کو بتایا کہ ہم دونوں کے درمیان معمولی سی بات پر تکرار شروع ہوگئی جس پر میں غصے میں آگیا تو دلہن کو فلیٹ کی بالکونی سے دھکا دیدیا۔ مجھے اپنے کیے پر پشیمانی ہے لیکن منگنی سے لیکر رخصتی تک یہ ہر بات پر مجھ سے بحث کرتی آئی ہے۔
پولیس نے اعترافی بیان کے بعد دولہا کو پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا جنہوں نے قتل کی فرد جرم عائد کرتے ہوئے مقامی عدالت سے دلہا کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔