آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص خیبر پختونخوا پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے انہیں مستقل مدد اور تکنیکی معاونت فراہم کرتی رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے ضلع وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر افسران اور فوجیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے ملک دشمنوں کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری اور غیرمعمولی حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو ناکام بناتی رہے گی۔
جنرل عاصم منیر نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دلی خراج تحسین پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص خیبر پختونخوا پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ان کی مستقل مدد اور تکنیکی معاونت فراہم کرتی رہے گی۔
آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان انٹیگریٹڈ ڈیولپمنٹ پلان کے تحت امن و امان کو برقرار رکھنے اور مختلف منصوبوں کو تکمیل تک پہنچانے میں خیبرپختونخوا کے عوام کے کردار کا بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے پاک فوج اپنے وسائل کو بروئے کار لاتی رہے گی۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عمائدین کی حمایت اور پاک فوج کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل وانا آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی اسٹاف کا پرتپاک استقبال کیا جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھا کر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔