پاکستان کی معروف و خوبرو اداکارہ درِ فشاں سلیم کو وزن کم کرنے کا مشورہ دینے والے سندھی انڈسٹری کے اداکار، کامیڈین و یوٹیوبر علی گُل ملاح تنقید کی زد میں آگئے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ و میزبان مشی خان نے علی گُل ملاح کو باڈی شیمنگ کرنے پر آڑے ہاتوں لے لیا جبکہ سوشل میڈیا صارفین بھی اس اقدام پر ’بھلے‘ فیم اداکار سے نالاں دکھائی دیئے۔
اداکارہ و میزبان مشی خان انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے علی گُل ملاح کو مخاطب کیا اور کہا کہ دورانِ انٹرویو کسی خاتون کو اسطرح کہنا نہایت نامناسب ہے اور جب ان کے فینز اور دیگر ساتھی فنکار سب انہیں اسی طرح پسند کرتے ہیں تو پھر انٹرویو اس طرح کہنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
ان کا کہنا ہے کہ کسی محفل میں بیٹھ کر کسی دوسرے کے وزن پر تبصرہ کرنا درست نہیں ہے، آخر ضرورت ہی کیا ہے اس کی، ہر ایک کی جسامت مختلف ہوتی ہے اور عین ممکن ہے کہ وپ (درِفشاں) وزن کم کرنے کے بعد اتنی اچھی نہ لگیں جتنی ابھی لگتی ہیں ، ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کسی پبلک پلیٹ فارم پر بیٹھ کر اس طرح کی گفتگو کرنا غیر مناسب ہے۔
مشی خان کا کہنا ہے کہ کچھ بھی کہنے سے پہلے تولینا چاہئے کہ کیا کہہ رہے ہیں۔ اگر اس طرح کا کوئی مشورہ دینا ہی تھا تو انہیں میسج کرکے بھی کہہ سکتے تھے اور جب عوام نے انہیں پسند کرلیا ہے اسی طرح تو اس بات کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا۔ انٹرویو دینے سے پہلے سوچنا چاہئے کہ کیا کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میںلکھا کہ عوامی پلیٹ فارم پر کسی کے وزن کے بارے میں بات کرنا انتہائی بدتمیزی ہے اور ہمیں یہ سیکھنے اور دوسروں کو سکھانے کی ضرورت ہے کہ کسی کی ذات پر گفتگو کرنے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ میرے خیال میں درِفشاں خوبصورت ہیں اور انہیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
میزبان متھیرا نے بھی سندھی اداکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم کب لوگوں کی جسامت اور رنگت کو جج کرنا بند کریں گے۔ آخر تمام مردوں کو خواتین کے وزن سے کیا مسئلہ ہے۔
سوشل میڈیا صارفین بھی سندھی اداکار، کامیڈین و یوٹیوبر علی گُل ملاح کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ درِفشان کا قد بھی لمبا ہے اب کل کو ان کے قد سے بھی مسئلہ ہوجائے گا۔ ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ ایسی باتیں شو کے دوران نہیں کرنا چاہئے۔