جیو کے ڈرامہ سیریل خئی اور ڈرامہ سیریل عشق مرشد سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ درِفشاں سلیم کی ویڈیو ان دنوں گردش کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں اداکارہ کی ایک خاتون مداح کو دیکھا جاسکتا ہے جس نے موقع پاتے ہی انہیں بوسہ دے دیا۔
حال ہی میں ڈرامہ سیریل عشق مرشد کی آخری قسط سینما گھروں میں نشر کی گئی۔
اس موقع پر لاہور کے ایک سینما میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اداکار بلال عباس، اداکارہ درِفشاں سلیم سمیت ڈرامے کی دیگر کاسٹ اور ٹیم نے شرکت کی۔
اس تقریب میں شوبز ستاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ڈرامہ سیریل کی کاسٹ اور ٹیم کو کامیابی پر مبارک باد پیش کی، اس کے علاوہ شائقین نے بھی شرکت کی۔
دریں اثنا ڈرامہ سیریل عشق مرشد میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ درِفشاں سلیم سے ایک خاتون مداح نے تصویر بنوانے کی درخواست کی جسے اداکارہ نے قبول کرلیا لیکن تصویر بنواتے ہی مذکورہ خاتون مداح نے اداکارہ کے چہرے پر بوسہ دے دیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بعدازاں دیکھا گیا کہ اس حرکت کے بعد اداکارہ فوراً خود کو مداح سے دور کرتی ہیں اور تیزی سے ہجوم سے نکل جاتی ہیں۔
خاتون مداح کی اس حرکت کو سوشل میڈیا صارفین نے غیر اخلاقی قرار دیا اور کہا کہ لوگوں کو اداکاروں کی پرائیویسی کا خیال رکھنا چاہیے۔