دبئی حکمران کی بیٹیوں کو اغوا کرنے اور بیوی کو قید رکھنے کی کہانی


اپریل 2018 میں دبئی کے حکمران 70 سالہ شیخ محمد بن راشد المکتوم کی 35 سالہ بیٹی شیخہ لطیفہ نے امریکی خاتون دوست اور فرانسیسی سابق فوجی جاسوس کی مدد سے فلموں کی طرز پر ’دبئی‘ سے فرار ہونے کی ناکام کوشش کی تھی۔

شیخہ لطیفہ کو ’دبئی سے فرار‘ ہونے کی کوشش کے دوران بھارتی اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مشترکہ افواج نے بحیرہ عرب سے گرفتار کیا تھا اور تب سے شہزادی لاپتہ ہیں اور تاحال ان کے حوالے سے کسی کو کوئی علم نہیں۔

شیخہ لطیفہ کے لاپتہ ہونے کی گونج 5 مارچ 2020 کو لندن کی ہائی کورٹ میں اس وقت سنائی دی جب کہ دبئی کے حکمران کے خلاف ان کی اہلیہ شہزادی حیا بنت حسین کی درخواستوں پر برطانوی عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اس کی اشاعت کی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اگرچہ لندن ہائی کورٹ نے دبئی کے حکمران کی فرار ہونے والی اہلیہ شہزادی حیا کی درخواستوں پر فیصلہ دسمبر 2019 میں ہی محفوظ کرلیا تھا تاہم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے اپنے خلاف دائر درخواستوں کے خلاف برطانوی سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا جس نے ہائی کورٹ کو فوری طور پر فیصلہ نہ سنانے کی ہدایت کی تھی۔

دبئی کے بادشاہ نے برطانوی سپریم کورٹ سے یہ استدعا بھی کی تھی کہ ان کے اور ان کی فرار ہونے والی اہلیہ شہزادی حیا کے درمیان تنازع کے لندن ہائی کورٹ کے فیصلے کو خفیہ رکھا جائے کیوں کہ مذکورہ معاملات ان کے نجی معاملات ہیں تاہم برطانوی سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے دبئی کے حکمران کی تمام درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ہائی کورٹ کو فیصلہ سنانے اور اس کی اشاعت کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی: حکمران کی صاحبزادی فرار میں ناکامی کے بعد سے ’لاپتہ‘

سپریم کورٹ کی اجازت کے بعد ہائی کورٹ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اس کی اشاعت کردی جس کے بعد سماعت کے دوران عدالت کو معلوم ہوا کہ 70 سالہ محمد راشد المکتوم نے اپنی 2 بیٹیوں کو اغوا کیا جب کہ انہوں نے اپنی اہلیہ شہزادی حیا کو بھی طاقت کے زور پر قید کرکے ہراساں کیا۔

دبئی کے حکمران کی بیوی شہزادی حیا جولائی 2019 میں فرار ہوکر برطانیہ پہنچیں تھیں—فوٹو: نیوز کارپ آسٹریلیا
دبئی کے حکمران کی بیوی شہزادی حیا جولائی 2019 میں فرار ہوکر برطانیہ پہنچیں تھیں—فوٹو: نیوز کارپ آسٹریلیا

ہائی کورٹ آف انگلینڈ اینڈ ویلز کے فیملی ڈویژن کی سربراہی کرنے والے جج اینڈریو مکارلین نے شیخ محمد کو شیخہ شمسہ برطانوی شہر کیمبرج سے اگست 2000 میں ان کے اغوا کا حکم دینے اور اس کی منصوبہ بندی میں ملوث پایا، اس وقت شیخہ شمسہ 19 برس کی تھیں۔

جج نے سماعت کے دوران کہا کہ شیخہ شمسہ کو دبئی واپسی پر مجبور کیا گیا تھا اور گزشتہ 2 دہائیوں سے ان کی آزادی چھینی گئی ہے، علاوہ ازیں شمسہ کی بہن 35 سالہ شیخہ لطیفہ کو 2 مرتبہ 2002 اور 2018 میں پکڑ کر دبئی واپس لایا گیا تھا۔

انہیں پہلی مرتبہ فرار ہونے کی کوشش سے قبل اپنے والد کی ہدایات پر 3 سال تک کے لیے قید کیا گیا تھا، مارچ 2018 میں ان کی دوسری قید عالمی شہ سرخیوں کا حصہ بنی تھیں لیکن تاحال وہ لاپتہ ہیں اور وہ اس وقت کہاں اور کس حال میں ہیں اس بات کا علم کسی کو نہیں۔

شیخہ لطیفہ کا فلمی انداز میں فرار ہونے کا منصوبہ

شیخہ لطیفہ کو اپریل 2018 کے بعد نہیں دیکھا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
شیخہ لطیفہ کو اپریل 2018 کے بعد نہیں دیکھا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

شیخہ لطیفہ کی فٹنیس ٹرینر رہنے والی ان کی امریکی دوست ٹینا جوہینن نے انہیں دبئی سے فرار ہونے میں مدد دی تھی اور انہوں نے ہی عالمی میڈیا اور برطانوی عدالت کو بتایا تھا کہ دبئی کے حکمران نے کس طرح اپنی بیٹی کی فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے انہیں قید کرکے لاپتہ کردیا۔

’رائٹرز‘ کے مطابق رواں برس جنوری میں ٹینا جوہینن نے شیخہ لطیفہ کے فرار ہونے کے منصوبے سے متعلق خبر رساں ادارے کو تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔

ٹینا جوہینن نے بتایا تھا کہ انہیں شیخہ لطیفہ کا فٹنیس ٹرینر مقرر کیا گیا تو آہستہ آہستہ ان کے درمیان دوستی ہوئی تاہم ابتدائی طور پر شہزادی اپنی زندگی کو انتہائی ذاتی رکھتیں اور ان سے کسی بھی بات کا اظہار نہیں کرتی تھیں۔

ٹینا جوہینن نے لندن ہائی کورٹ میں بھی شیخہ لطیفہ کے فرار ہونے کی ناکام کوشش کے دوران انہیں دبئی کے حکمران کی جانب سے اغوا کیے جانے سے متعلق بھی گواہی دی اور عدالت کو بتایا کہ یہ سچ ہے کہ ’دبئی سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران ہی شہزادی لطیفہ کو اغوا کرکے دبئی میں قید کرلیا گیا اور تب سے وہ لاپتہ ہیں‘۔

ٹینا جوہینن نے کافی عرصے بعد حالیہ ہفتوں میں شیخہ لطیفہ کے فرار ہونے والے منصوبے سے متعلق عالمی میڈیا سے بات کرنا شروع کی، جس دوران انہوں نے بتایا کہ وہ 2010 میں پہلی بار شیخہ لطیفہ سے ملیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ شیخہ لطیفہ کو ہفتے میں 5 دن تک مارشل آرٹ سمیت فٹنیس کی تربیت دیتی تھیں اور ان دونوں کو دوست بننے میں کچھ وقت لگا لیکن جب ان کی گہری دوستی ہوگئی تو شہزادی نے انہیں بتایا کہ وہ دبئی سے فرار ہونا چاہتی ہیں اور اس حوالے سے ایک ناکام کوشش بھی کر چکی ہیں۔

شیخہ لطیفہ نے 2002 میں بھی فرار ہونے کی کوشش کی تھی—فائل فوٹو: عربین بزنس
شیخہ لطیفہ نے 2002 میں بھی فرار ہونے کی کوشش کی تھی—فائل فوٹو: عربین بزنس

امریکی خاتون ٹرینر ٹینا جوہینن کے مطابق شیخہ لطیفہ نے انہیں بتایا کہ انہوں نے 2002 میں دبئی سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی تاہم ناکامی کے بعد انہیں قید کرلیا گیا تھا اور اب ایک بار پھر وہ یہاں سے فرار ہونا چاہتی ہیں، وہ دبئی میں نہیں رہنا چاہتیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخہ لطیفہ نے انہیں بتایا کہ فرار ہونے کی ناکام کوشش کے بعد ان کے دبئی سے باہر جانے پر پابندی ہے اور ان کے پاس پاسپورٹ تک نہیں۔

ٹینا جوہینن کے مطابق شیخہ لطیفہ نے ہی انہیں 2016 میں بتایا تھا کہ ان کے والد نے ان کی ایک بہن شیخہ شمسہ کو بھی اپنے نجی قید خانے میں قید کر رکھا ہے۔

امریکی خاتون کے مطابق 2017 میں ایک بار پھر دبئی سے فرار ہونے کی خواہش ظاہر کی اور اس دوران انہوں نے فرانسیسی سابق فوجی جاسوس ہروی جوبرٹ کی ’دبئی سے فرار ہونے کے طریقوں‘ پر لکھی گئی ایک کتاب پڑھنا شروع کی تھی۔

مزید پڑھیں: ہیومن رائٹس واچ کا ’لاپتہ‘ شہزادی کی معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ

ٹینا جوہینن کا کہنا تھا کہ انہوں نے شیخہ لطیفہ کی مدد کرنے کا سوچا جس کے بعد انہوں نے سب سے پہلے فرانسیسی جاسوس ہروی جوبرٹ سے رابطہ کیا اور انہوں نے پہلی ملاقات تھائی لینڈ میں کی، جس کے بعد ان کی ایک ملاقات دبئی میں ہوئی اور اس دوران انہوں نے اپنے موبائل فون بند کردیے تھے۔

ٹینا جوہینن کا کہنا تھا کہ بالآخر انہوں نے فرانسیسی جاسوس ہروی جوبرٹ کے ساتھ مل کر شیخہ لطیفہ کو دبئی سے فرار کرنے کا منصوبہ بنایا جس کے تحت شہزادی کو ایک کیفے میں آنے کے بعد وہاں سے فرار ہونا تھا۔

امریکی خاتون ٹرینر کا کہنا تھا کہ شیخہ لطیفہ کو معمول کے مطابق ڈرائیور نے ایک کیفے میں چھوڑا جس کے بعد شہزادی کپڑے بدلنے کے بہانے ٹوائلٹ گئیں اور وہیں وہ اپنا موبائل فون اور کپڑے چھوڑ کر ان کے ساتھ مسقط روانہ ہوئیں اور وہ 6 گھنٹے بعد اپنی دوسری منزل پر پہنچے۔

ٹینا جوہینن نے بتایا کہ مسقط سے وہ بوٹ کے ذریعے بھارتی ریاست گووا کی جانب روانہ ہوئے اور شیخہ لطیفہ پہلی بار بوٹ کی پہلی سیٹ پر بیٹھیں تو انتہائی جذباتی ہوگئیں اور انہوں نے کہا کہ وہ زندگی میں پہلی بار کسی سفر میں پہلی سیٹ پر بیٹھیں ہیں۔

امریکی خاتون ٹرینر کے مطابق وہ، شیخہ لطیفہ، فرانسیسی جاسوس اور بوٹ کے ڈرائیور طے شدہ منصوبے کے تحت آگے بڑھ رہے تھے کہ بیچ سمندر میں ان کی کشتی کو یو اے ای اور بھارتی بحریہ کے کمانڈوز نے گھیر لیا اور مذکورہ کمانڈوز ہیلی کاپٹرز سمیت دیگر جدید جہازوں اور کشتیوں پر سوار تھے، جنہوں نے ان کی کشتی پر قبضہ کرکے انہیں قید کرلیا۔

شیخہ لطیفہ نے فرانسیسی جاسوس و امریکی خاتون کی مدد سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی—فائل فوٹو: میل آن لائن
شیخہ لطیفہ نے فرانسیسی جاسوس و امریکی خاتون کی مدد سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی—فائل فوٹو: میل آن لائن

ٹینا جوہینن نے دعویٰ کیا کہ کمانڈوز نے شیخہ لطیفہ کو تشدد کے بعد قید کرلیا جب کہ کمانڈوز کشتی کے ڈرائیورز سمیت انہیں اور فرانسیسی جاسوس کو 45 منٹ تک تشدد کا نشانہ بناتے رہے اور بعد ازاں انہیں بھی قید کرکے دبئی لایا گیا۔

ٹینا جوہینن کا کہنا تھا کہ انہوں نے آخری بار شیخہ لطیفہ کو وہیں دیکھا تھا جس کے بعد کوششوں کے باوجود ان کا رابطہ شہزادی سے نہیں ہو سکا اور تاحال انہیں ان سے متعلق کچھ معلوم نہیں۔

امریکی خاتون ٹرینر کے مطابق دبئی میں لائے جانے کے بعد انہیں تین ہفتوں بعد آزاد کردیا گیا۔

’رائٹرز‘ کے مطابق خبر رساں ادارے ’ٹینا جوہینن‘ کی جانب سے کیے گئے دعوؤں پر دبئی کے میڈیا آفس اور بھارت کے دفتر خارجہ سے بھی رابطہ کیا، تاہم دونوں حکومتوں کے عہدیداروں نے مذکورہ معاملے پر بات کرنے سے انکار کردیا۔

رپورٹ میں بتایا کہ بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے مذکورہ معاملے اور شیخہ لطیفہ کو قید کرنے کے دعوؤں پر بات کرنے سے صاف انکار کردیا۔

شیخہ شمسہ کی قید

شیخہ شمسہ بھی 20 سال لاپتہ ہیں—فائل فوٹو: مڈل ایسٹ مانیٹر
شیخہ شمسہ بھی 20 سال لاپتہ ہیں—فائل فوٹو: مڈل ایسٹ مانیٹر

برطانوی ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعتوں اور عدالت کی جانب سے شائع کیے گئے فیصلے میں بتایا گیا کہ سماعت کے دوران عدالت نے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کو اپنی بیٹی شیخہ شمسہ کی اغوا میں ملوث پایا۔

عدالت کے مطابق یہ بات ثابت ہوئی کہ دبئی کے حکمران نے اپنی بیٹی شیخہ شسمہ کو برطانوی شہر کیمبرج سے اگست 2000 میں اغوا کا حکم دیا اور وہ تب سے لاپتہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی کے حکمران کی اہلیہ خطیر رقم لے کر بچوں سمیت فرار، رپورٹ

جس وقت شیخہ شمسہ کو برطانوی شہر سے اغوا کرکے غائب کیا گیا، اس وقت ان کی عمر 19 برس تھی اور مذکورہ واقعے کو 20 سال گزر چکے ہیں مگر تاحال ان سے متعلق کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی۔

دبئی کے حکمران کی دوسری بیٹی شیخہ لطیفہ نے 2017 میں اپنی بہن شیخہ لطیفہ سے متعلق اپنی خاتون ٹرینر کو بتایا تھا کہ ان کی بہن کو نجی قید خانے میں بند کردیا گیا ہے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ شیخہ شمسہ اور شیخہ لطیفہ سگی بہنیں ہیں یا دونوں کی مائیں الگ الگ ہیں، تاہم دونوں دبئی کے حکمران کی 2019 میں فرار ہونے والی بیوی شہزادی حیا کی بیٹیاں نہیں ہیں۔

دبئی کے حکمران کی بیوی کا فرار ہونا

شہزادی حیا اپنے 7 سالہ بیٹے اور 11 سالہ بیٹی کے ساتھ فرار ہوئیں—فوٹو: پرنسز حیا انسٹاگرام
شہزادی حیا اپنے 7 سالہ بیٹے اور 11 سالہ بیٹی کے ساتھ فرار ہوئیں—فوٹو: پرنسز حیا انسٹاگرام

جولائی 2019 میں دبئی کے بادشاہ شیخ محمد بن راشد المکتوم کی 45 سالہ اہلیہ شہزادی حیا اپنے 7 سالہ بیٹے زید اور 11 سالہ بیٹی جلیلا کے ہمراہ دبئی سے جرمنی فرار ہوگئی تھیں اور بعد ازاں وہ برطانیہ منتقل ہوگئی تھیں۔

رپورٹس تھیں کہ دبئی کے حکمران 3 کروڑ پاؤنڈ کی خطیر رقم ساتھ لے کر دبئی سے فرار ہوکر یورپ پہنچیں تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ شہزادی حیا شوہر کی جانب سے دھوکے باز اور بے وفا جیسے خطاب دیے جانے اور خود کو درپیش خطرات کی وجہ سے فرار ہوئیں تاہم برطانوی عدالت میں سماعت کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ انہیں بھی شوہر نے ایک طرح سے قید کر رکھا ہے۔

مزید پڑھیں: دبئی کے حکمران کی اہلیہ فرار کیوں ہوئیں، حقیقت سامنے آگئی

شہزادی حیا نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ انہیں شوہر نے دھمکیاں بھی دی تھیں کہ وہ ’اب زندہ نہیں رہ سکیں گی‘۔

عدالت کو یہ بھی بتایا گیا تھا کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم نے شہزادی حیا کے علم میں لائے بغیر 7 فروری 2019 کو شہزادی کے والد اردن کے شاہ حسین کی 20ویں برسی پر انہیں طلاق دے دی تھی۔

شہزادی حیا کون ہیں

شہزادی حیا اردن کے شاہی خاندان کی فرد ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
شہزادی حیا اردن کے شاہی خاندان کی فرد ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

شہزادی حیا اردن کے سابق بادشاہ حسین بن طلال کی بیٹی اور حالیہ بادشاہ عبداللہ کی بہن ہیں اور متعدد غیر تصدیق شدہ رپورٹس کے مطابق وہ دبئی کے حکمران کی چھٹی اہلیہ ہیں۔

شہزادی حیا 2 بچوں کی ماں ہیں، وہ ماضی میں اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر برائے خوراک اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔

شہزادی حیا نے فلسفہ، سیاست اور تاریخ کی تعلیم برطانیہ میں حاصل کی اور انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ وہیں گزارا۔

شہزادی حیا نے بطور دبئی کے حکمران کی اہلیہ کے کئی سماجی منصوبوں کی شروعات کیں اور وہ ہر وقت ان کے ساتھ عوامی تقریبات میں دیکھی جاتی رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی کے حکمران نے اپنی بیٹیوں کو اغوا کیا، برطانوی عدالت کا فیصلہ

شہزادی حیا اپنے نفیس لباس، خوبصورتی، گفتگو اور انداز کی وجہ سے ہمیشہ عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔

شہزادی حیا اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کے ساتھ فلاحی منصوبوں پر کام کے دوران وقتا بوقتا سماجی سرگرمیوں کے لیے دیگر ممالک کا دورہ بھی کرتی رہیں۔

شہزدی حیا کو بچپن سے گھڑ دوڑ سواری کا شوق تھا، وہ اس کھیل میں حصہ بھی لیتی رہیں۔

شہزادی حیا کے برطانوی شاہی خاندان سے قریبی تعلقات ہیں اور ان کا ایک 8 کروڑ 50 لاکھ یورو مالیت کا عالیشان گھر بھی شاہی محل کے قریب ہی ہے، وہ برطانیہ میں ہر سال ہونے والے کیپ فیسٹیول میں بھی شرکت کرتی ہیں۔

شہزادی حیا کے برطانوی شاہی خاندان سے قریبی تعلقات ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک

اپنا تبصرہ لکھیں