پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف، سینئر ہدایتکار و اسکرین رائٹر پرویز کلیم نے کہا ہے کہ دانش تیمور بے ادب اداکار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اِن کی تمام فلمیں فلاپ ہو رہی ہیں۔
سینئر سابق فلمساز پرویز کلیم نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب کو حال ہی میں انٹرویو دیا ہے۔
اُن کا انٹرویو کے دوران اداکار دانش تیمور کو بے ادب قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بے ادبی کی وجہ سے ہی دانش کی فلمیں ناکام ہو رہی ہیں۔
پرویز کلیم نے مزید کہا کہ دانش تیمور خود سے بڑی عمر کے افراد کی عزت نہیں کرتے، میں ملنے گیا تو دانش تیمور مجھ سے بے ادبی سے ملا، میرے سامنے پاؤں رکھ کر بیٹھا، اُسی دن سوچ لیا تھا کہ یہ اداکار کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔
انٹرویو کے دوران پرویز کلیم کا دعویٰ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں نے اداکار سعود اور فیصل قریشی کو فلموں میں متعارف کروایا، یہ دونوں اداکار احسان فراموش نکلے ہیں، اِنہوں نے کبھی عید یا شبِ برات کے موقع پر بھی مجھے یاد نہیں کیا۔
پرویز کلیم کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ فیصل قریشی کی والدہ افشاں قریشی سے اچھے تعلقات تھے، ہم دونوں نے کافی عرصہ ایک ساتھ کام کیا تھا، فیصل کی والدہ اپنے بیٹے کو فلموں میں ہیرو کے طور پر دیکھنا چاہتی تھیں، اس لیے میں نے فیصل قریشی کو کاسٹ کیا تھا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ فیصل قریشی کو اِن کی والدہ کے کہنے پر فلم میں کاسٹ کیا تھا، ورنہ میری فلم کا کردار مختلف تھا، بڑی عمر اور سنجیدہ انسان کا تھا مگر فیصل قریشی کی والدہ کے اصرار پر میں نے کم سن فیصل قریشی کو ہی اپنی فلم میں کاسٹ کر لیا تھا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ فیصل قریشی کو سفارش پر جبکہ سعود کو کسی بھی سفارش کے بغیر اپنی فلم میں ہیرو کے طور پر متعارف کرایا تھا۔
پرویز کلیم نے اداکار و میزبان سعود سے متعلق تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعود کو پہلی بار میں نے اپنے بھائی کی شادی پر دیکھا تھا، میں نے وہیں سعود کو فلم میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
فلمساز کے مطابق اسی طرح انہوں نے اداکار سعود کو بڑی اسکرین پر ڈیبیو کا موقع دیا تھا۔
پرویز کلیم نے اپنے انٹرویو میں فیصل قریشی اور سعود کو احسان فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر میں احسان فراموشی کی تصویر بناؤں تو ان دونوں اداکاروں کی تصویر بنے گی۔