خیبر پختونخوا میں سرکاری ریٹ مقرر ہونے کے بعد آٹا اور چینی مارکیٹ سے غائب


پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں سرکاری ریٹ مقرر ہونے کے بعد آٹا اور چینی مارکیٹ سے غائب ہو گئے، آٹے کے 20 کلو تھیلے کا ریٹ 860 روپے مقرر ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں 1200روپے جبکہ چینی بھی 70 کے بجائے 95 روپے میں فروخت کی جارہی ہے، شہری کہتے ہیں حکومت اپنے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

سرکاری ریٹ مقرر ہوتے ہی پشاور سے چینی اور آٹا غائب ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت جاری ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے 20 کلو آٹے کا سرکاری ریٹ 860 روپے تو مقررکر دیا گیا تاہم پشاور کی غلہ منڈی میں 20 کلو فائن کا تھیلا 1080 سے بڑھ کر 1250 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے، قیمتوں میں جاری مسلسل اضافے پر شہری کہتے ہیں حکومت اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

سرخ آٹے کا 20 کلو تھیلا 980 روپے سے بڑھ کررواں ماہ 1080 تک پہنچ گیا۔ آٹا ڈیلروں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آٹے اور گندم مہنگی ملنے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

شہر میں چینی کی قیمت میں بھی اضافے کا سلسلہ تھم نہیں سکا، 70 روپے فی کلوقیمت مقررہونے کے باوجود مارکیٹ میں 90سے 100 روپے تک فروخت کی جارہی ہے، آٹا اور چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کےلیے متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائیاں بھی کی جاتی ہیں لیکن عوام کو اس کے ثمرات نہیں پہنچ سکے۔


اپنا تبصرہ لکھیں