پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ سے برطرف تینوں وزراء کو پارٹی سے نہیں نکالا گیا۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور برطرف وزراء میں کوئی ذاتی رنجش نہیں تھی اور تینوں وزراء پارٹی سے نہیں نکالے گئے ہیں، ان کے خلاف کارروائی پارٹی ڈسپلن کے معاملے پر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ برطرفی کا فیصلہ بھی وزیراعظم کا تھا اور بحالی کا فیصلہ بھی وہی کریں گے اور تینوں ارکان اسمبلی اگر دوبارہ آتے ہیں تو انہیں پارٹی ڈسپلن کا خیال کرنا ہوگا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اور برطرف وزراء کے درمیان جرگے کے بارے میں مجھے علم نہیں، وزیراعلیٰ اور برطرف وزراء مل کر بیٹھ سکتے ہیں اس میں کوئی حرج نہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل خیبرپختونخوا کی کابینہ سے تین وزراء عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل احمد کو وزیراعظم کی منظوری سے برطرف کیا گیا جب کہ وزراء پر الزام تھا کہ وہ وزیراعلیٰ کے خلاف گروپنگ میں مصروف تھے۔
وزیراعظم عمران خان سےگزشتہ روز برطرف وزراء عاطف خان اور شہرام ترکئی نے ملاقات جس میں وزیراعظم نے انہیں دوبارہ کابینہ میں شمولیت کا عندیہ دیا۔