پشاور:
وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان کے علاقہ خڑ قمر میں پیش آنے والے واقعے میں متاثرہ افراد کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والے پختون قوم کو دوبارہ جنگ میں دھکیلنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
محمود خان نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 25 لاکھ روپے جبکہ زخمی کو دس لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلی نے واضح کیا کہ عوام، پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی بدولت امن قائم ہوا ہے جسے برقرار رکھنے کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
محمود خان نے واضح کیا کہ اس وقت وفاقی اور صوبائی قیادت پختونوں کے پاس ہے جو پختونوں کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے، تمام تر مسائل حکومت کے سامنے رکھے جائیں تاکہ حکومت موثر انداز میں ان کو حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے نہ کہ مسائل کو بنیاد بنا کر ایک غیر ضروری مہم جوئی میں اپنا وقت ضائع کریں۔
محمود خان نے مزید کہا کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پختون قوم کے لئے مخلصانہ جدوجہد کئی ملک دشمن عناصر ہضم نہیں کر پا رہے اور پختونوں کو ورغلا کر ایک نئے بد امنی کے دور اور غیر یقینی صورتحال میں دکھیلنا چاہتی ہے