ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے ہیں۔
اپنے بیان میں صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اس طرح کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں، ایسے واقعہ کی مذمت کے لیے بطور ایک قوم متحد ہونا چاہیے۔
دوسری جانب سابق امریکی صدر اور ڈیموکریٹ رہنما براک اوباما نے کہا ہے کہ امریکی جمہوریت میں سیاسی تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بات پر اطمینان ہوا ہے کہ ٹرمپ زیادہ زخمی نہیں ہوئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کی ہے، بائیڈن نے پنسلوینیا کے گورنر اور بٹلر کے میئر سے بھی بات کی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے ہیں تاہم انکی جان محفوظ ہے جبکہ ٹرمپ پر گولی چلانے والے شخص کو ہلاک کردیا گیا ہے۔