ایک مختصر مگر منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ڈپریشن کے شکار افرد اگر قدرتی خوشبو سونگھنے کو اپنا معمول بنائیں تو ان میں ڈپریشن کم ہوسکتا ہے۔
طبی جریدے جاما نیٹ ورک میں شائع تحقیق کے مطابق امریکا کی یونیورسٹی آف پٹسبرگ کے ماہرین نے خوشبوؤں کا ڈپریشن پر پڑنے والا اثر جانچنے کے لیے 32 رضاکاروں کی خدمات حاصل کیں۔
تحقیق میں شامل تمام رضاکار بالغ تھے اور وہ شدید ڈپریشن کا بھی شکار تھے، جنہیں مخصوص مدت تک مختلف اقسام کی خوشبوئیں سنگھائی گئیں۔
ماہرین نے رضاکاروں کو زیادہ تر قدرتی کھانوں اور اجزا سے آںے والی خوشبوئیں سونگھنے کا کہا اور پھر انہیں اپنی زندگی کے کچھ مخصوص واقعات اور لمحات یاد کرنے کا کہا۔
ماہرین نے رضاکاروں کو وِکس بام، کافی، ناریل کے تیل، زیرے، کچھ مشروب، ونیلا، لونگ اور کیچپ سمیت دیگر اجزا اور غذاؤں کی خوشبو سونگھنے کا کہا اور پھر کچھ عرصے بعد ان سے مختلف سوالات پوچھے۔
رضاکاروں نے حیران کن طور پر بتایا کہ جب انہوں نے مختلف اقسام کی قدرتی اجزا اور مرکبات کی خوشبوئیں سونگھیں تو انہیں تلخ نہیں بلکہ اچھے واقعات اور لمحات یاد آئے، جن سے انہیں تازگی کا احساس ہوا۔
رضاکاروں کے مطابق جیسے انہیں کسی اپنے پیارے کے ساتھ اچھے موسم، اچھے دنوں اور ماحول میں کافی پینے، کھانا کھانے، گھومنے جانے یا جشن منانے کی یادیں یاد آئیں اور ان کا مرجھایا ہوا دل کھل اٹھا۔
ماہرین کے مطابق خوشبوئیں ممکنہ طور پر دماغ کے اس حصے کو متحرک کرتی ہیں جو انسان کو یادداشت میں مدد فراہم کرتا ہے اور قدرتی خوشبوئیں سونگھنے سے انسان منفی کے بجائے مثبت واقعات اور یادوں کو یاد کر سکتا ہے، جس سے ڈپریشن یا افسردگی کم ہوسکتی ہے۔
ماہرین نے خوشبوئیں سے ڈپریشن کم ہونے کے معاملے پر مزید تحقیق پر زور بھی دیا۔