خود پر صرف ٹیسٹ کرکٹ کا کھلاڑی ہونے کی چھاپ نہیں لگوانا چاہتا، شان مسعود


لاہور: 

پی ایس ایل میں ملتان سلطانز ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بہترین کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ خود پر صرف ٹیسٹ کرکٹ کا پلیئر ہونے کی چھاپ نہیں لگوانا چاہتے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز کے اوپن میڈیا سیشن کے دوران سوالات کے جواب دیتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ وہ خود پر صرف ٹیسٹ کرکٹ کا پلیئر ہونے کی چھاپ نہیں لگوانا چاہتے، دوسرے کرکٹرز کی طرح ہماری بھی خواہش ہے کہ وہ وائٹ بال کرکٹ میں بھی نام کمائیں۔

شان مسعود کا کہنا تھا کہ رواں برس میرا ڈومیسٹک سیزن بہت مختلف رہا ہے، اس دوران مجھے کپتانی کا تجربہ بھی حاصل ہوا لیکن پی ایس ایل میں ایک بڑی ٹیم کی قیادت کرنا اہم چیلنج ہے۔ اس دوران مجھے فیلڈ میں شاہد آفریدی جیسے تجربہ کار سینیئرز کا تعاون بھی حاصل ہوگا جب کہ ہیڈ کوچ اینڈی فلاور اور بولنگ کوچ مشتاق احمد سے بھی بہت رہنمائی مل رہی ہے۔ اس لیے یہ تاثر درست نہیں کہ مجھ پر کپتانی کا کوئی اضافی پریشر ہوگا۔ ہماری سائیڈ بہت زبردست اور کسی بھی ٹیم کو ہراسکتی ہے۔

اوپنر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ اپنے ہوم گراؤنڈ ملتان میں تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں کیونکہ تماشائیوں کی سپورٹ کسی بھی کھلاڑی کے لیے بہت اہم ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں