خودکشی کرنے والے بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم “دل بیچارہ ” کے ٹریلر نے “اوینجرز اینڈگیم” کے ٹریلر ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
دو روز قبل سشانت سنگھ کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کا ٹریلر ریلیز کیا گیا جو 2 منٹ 43 سیکنڈ پر مشتمل ہے۔
سناشت سنگھ کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ ہالی وڈ رومانوی ڈرامے ’دی فالٹ ان آور اسٹارز‘ کا ریمیک ہے جس میں مرکزی اداکارہ کے طور پر سنجنا سنگھانیا نے ڈیبیو کیا ہے۔
ٹریلر ریلیز کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے صرف دوروز میں یوٹیوب پر لاکھوں کی تعداد میں لائکس مل گئے ۔
‘دل بیچارہ‘ کے ٹریلر نے نہ صرف خوب مقبولیت سمیٹی بلکہ نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ہالی وڈ کی فلم “اوینجرز اینڈگیم” کے ٹریلر کو پیچھے چھوڑدیا۔
سشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم کے ٹریلر کو یوٹیوب پرصرف 24 گھنٹوں میں 54 لاکھ لائکس ملے جب کہ “اوینجرز اینڈگیم” کے ٹریلرکو اتنے ہی وقت میں 22 لاکھ لائیکس ملے تھے۔
واضح رہے کہ 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خود کشی کرلی تھی جب کہ ان کے حوالے سے کہا گیا کہ وہ ڈپریشن کا علاج کرارہے تھے۔
بعدازاں ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے بالی وڈ کی 8 بڑی شخصیات کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے جس میں سلمان خان، ایکتا کپور، کرن جوہر، سنجے لیلا بھنسالی بھی شامل ہیں۔
آج اس مقدمے کی سماعت بھی ہوئی جس میں چیف جڈیشل مجسٹریٹ نے سدھیر کمار اوجھا کی درخواست کو عدالت کے دائرہ کار سے باہر قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
دوسری جانب سدھیر کمار نے جڈیشل میجسٹریٹ کے فیصلے کو ضلعی عدالت میں چیلنج میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔