اس میں کوئی شک نہیں کہ اداکارہ صبا قمر ایک منجھی ہوئی اداکارہ ہیں اور وہ منفرد اداکاری کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں۔
تاہم فلم ساز سرمد کھوسٹ کے مطابق صبا قمر نہ صرف ذہین اور ماہر اداکارہ ہیں بلکہ وہ خوبصورتی میں بھی اپنی مثال آپ ہیں اور وہ اپنی نوعیت کا ’واحد پیس‘ ہیں۔
سرمد کھوسٹ نے اپنی آنے والی فلم ’کملی‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ صبا قمر کے ساتھ کھچوائی گئی اپنی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ کی تعریفیں کیں اور انہیں اپنی نوعیت کا واحد پیس قرار دیا۔
سرمد کھوسٹ نے اداکارہ کے ساتھ انتہائی دوستانہ انداز میں کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بعض اداکار ایسے ہیں انتہائی باصلاحیت ہوتے ہیں، بعض انتہائی خوبصورت ہوتے ہیں اور بعض انتہائی منجھے ہوئے اور ماہر ہوتے ہیں‘۔
فلم ساز نے لکھا کہ اگر مجموعی طور پر ’خوبصورتی، ذہانت اور مہارت‘ کو ملاکر کوئی چیز بنائی جائے تو وہ صبا قمر بنے گی اور وہ اپنی نوعیت کا ’واحد پیس‘ ہیں، ان کی اور کوئی شاخ نہیں۔
ساتھ ہی سرمد کھوسٹ نے شکایتی انداز میں لکھا کہ صبا قمر ان سے متعلق غلط سوچتی ہیں اور خیال کرتی ہیں کہ میں ان کے ساتھ کبھی تصویرنہیں کھچواؤں گا۔
فلم ساز کا کہنا تھا کہ وہ صبا قمر کے ساتھ تصاویر کھچوانے کے لیے تیار رہتے ہیں بس شرط یہ ہے کہ وہ تصویر میں جتنی خوبصورت نظر آتی ہیں اس کے چوتھائی حصے جیسا خوبصورت انہیں بھی دکھایا کریں۔
ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ صبا قمر نے انہیں مذکورہ تصویر میں انتہائی اچھا دکھایا ہے۔
سرمد کھوسٹ نے تصویر کے کیپشن میں ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ تصویر فلم ’کملی‘ کی شوٹنگ کے دوران لی گئی ہے۔
سرمد کھوسٹ کی تصویر پر بعد ازاں صبا قمر نے بھی کمنٹ کیا اور فلم ساز کو اپنا جان قرار دیا۔
اداکارہ نے سرمد کھوسٹ کا تصویر کے ساتھ تعریف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ “ڈارلنگ میں تو مزاح کررہی تھی آپ نے سوشل میڈیا پر ہی بول دیا”۔
صبا قمر نے سرمد کھوسٹ کو یاد دلایا کہ وہ جان لیں کہ وہ ان کی جان ہیں۔