خلیل الرحمٰن قمر کیس: مرکزی ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

خلیل الرحمٰن قمر کیس: مرکزی ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور


لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کو ہنی ٹریپ کرنے کے کیس میں مرکزی ملزم حسن شاہ اور رفیق عرف فیکی کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کو ہنی ٹریپ کرنے کے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت ملزم حسن شاہ اور رفیق عرف فیکی کو شناخت پریڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ حسن شاہ اور رفیق عرف فیکی کی شناخت پریڈ میں شناخت ہو گئی ہے، خلیل الرحمن قمر نے جیل میں ملزمان کو شناخت کیا۔

تفتیشی افسر نے ملزمان کے 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا

واضح رہے کہ خلیل الرحمٰن قمر کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کا معاملہ جولائی کے آغاز میں سامنے آیا تھا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تقریبا تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

بعد ازاں ڈراما ساز کی آمنہ عروج کے ساتھ نازیبا ویڈیوز بھی لیک ہوئی تھیں اور پولیس نے اس پر بھی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

آمنہ عروج اور ان کے دیگر ساتھی ملزمان ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں، 17 اگست کو ملزمان کو مزید 15 دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔

آمنہ عروج اور ان کے دیگر ساتھی ملزمان کے خلاف خلیل الرحمٰن قمر کو جھانسا دے کر اغوا کرنے کی کوشش کا کیس لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں