پاکستان کی صفِ اوّل کی اداکارہ ماہرہ خان کو اپنے ڈرامے میں کاسٹ کرنے پر پچھتانے والے معروف مصنف وہدایت کار خلیل الرحمٰن قمر نے ایک بار پھر اداکارہ کو اپنی نئی فلم میں کاسٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔
حال ہی میں خلیل الرحمٰن قمر نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور نئے پروجیکٹس کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
دورانِ انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مصنف و ہدایت کار نے اپنی آنے والی فلم کا نام بتانے کے ساتھ ساتھ مرکزی کاسٹ سے بھی پردہ اُٹھا دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ میری نئی فلم ’مرزا جٹ‘ کی شوٹنگ جلد ہی شروع ہو گی جس میں مرکزی کردار میں اداکار ہمایوں سعید نظر آئیں گے جبکہ ان کے مدِ مقابل اداکارہ ماہرہ خان ہوں گی۔
ان کے مطابق فلم کی کاسٹ میں سہیل احمد بھی شامل ہیں جبکہ دیگر اداکاروں کی کاسٹنگ پر ابھی غور کیا جا رہا ہے۔
خلیل الرحمٰن قمر کے غیر متوقع یوٹرن پر جب میزبان نے مزید جاننا چاہا تو ان کا کہنا ہے کہ کام تو کرنا ہے ناں، مگر ماہرہ خان سے معافی مانگنے کے مطالبے پر اب بھی قائم ہوں۔
یاد رہے کہ ماضی میں خلیل الرحمٰن قمر نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران سماجی رہنما ماروی سرمد کے خلاف نامناسب جملوں کا استعمال کیا تھا، جس پر اداکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اظہارِ افسوس اورمصنف کے خواتین کے لیے تضحیک آمیز رویے پر حیرانگی کا بھی اظہار کیا تھا۔
بعدازاں خلیل الرحمٰن قمر نے ایک انٹرویو کے دوران ماہرہ خان کے مذکورہ ٹوئٹ کو نامناسب و چونکا دینے والا قرار دیتے ہوئے ان سے سرِ عام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے معافی مانگنے تک اداکارہ کے ساتھ کام نہ کرنے اور ماضی میں اپنے ڈرامے میں انہیں کاسٹ کرنے پر پچھتاوے کا اظہار کیا تھا۔