جیو انٹرٹینمنٹ اور سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے لائیوٹی وی شو کے دوران ایک خاتون کے ساتھ بدزبانی پر معافی مانگنے تک مصنف خلیل الرحمان قمر کے ساتھ اپنا معاہدہ معطل کردیا ہے۔
جیو کا کہنا ہے کہ خلیل الرحمان قمر نے نہ صرف ایک خاتون کے ساتھ بدزبانی کی بلکہ اپنی غلطی ماننے اور اس پر معافی مانگنے سے بھی انکار کیا۔
اسی لیے جیو انٹرٹینمنٹ کی انتظامیہ نے ان کے ساتھ کیا جانے والا معاہدہ معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جیو کے اس فیصلے پر شہریوں کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر اس جرات مندانہ فیصلے کو سراہا جارہا ہے۔
ٹوئٹر پر ایک صارف نے جیو انتظامیہ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جیو کی جانب سے بالکل درست فیصلہ کیا گیا ، کوئی بھی شخص ایک خاتون کی کس طرح بے عزتی کرسکتا ہے۔
فیس بک پر ایک صارف نے لکھا کہ اچھا ہوا اس ‘دو ٹکے کے مرد’ کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیے تھا۔
ایک صارف نے لیونارڈو ڈی کیپریو کی جِف تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ تالیاں بجارہے ہیں۔
معروف فلمساز اور اداکار سرمد کھوسٹ نے جیو کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شکر ہے کہ کسی نے تو جرات کا مظاہرہ کیا، انہوں نے صحیح فیصلہ کرنے پر جیو کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے جیو کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات اہم نہیں کہ عورت کون ہے ، کسی کو بھی یہ حق نہیں کہ وہ اس سے بدتمیزی کرے اور نازیبا الفاظ استعمال کرے، یہ طرز عمل کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں اور نہ ہی اسے برداشت کیا جائے گا۔
فلم پروڈویوسر عمارہ حکمت نے جیو کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے تاریخ کے اس موڑ پر صحیح جگہ کھڑے ہونے کے فیصلے کو سراہا ہے۔
معروف اینکر پرسن عاصمہ شیرازی نے بھی اپنی ٹوئٹ میں جیو کے فیصلے کی تعریف کی ہے۔
فیس بک اور ٹوئٹر پر متعدد دیگر صارفین نے بھی جیو کے فیصلے کو سراہا ہے۔
یاد رہے کہ معروف مصنف خلیل الرحمان قمر نے گزشتہ دنوں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں سماجی کارکن ماروی سرمد کے ساتھ عورت مارچ کے معاملے پر بحث کے دوران بدزبانی کی تھی جس پر انہیں سوشل میڈیا پر بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔